Doran e Duty Namaz Parhna aur Time ke Paise Katwana
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
دورانِ ڈیوٹی نماز پڑھنا اور کٹوتی کروانا
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
نوکری کا ٹائم نو بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک ہے، اس دوران ظہر اور عصر کی نماز بھی درمیان میں آجاتی ہے، جس ادارے میں میری نوکری ہے وہاں نماز پڑھنے، نہ پڑھنے کے حوالے سے کوئی اصول موجود نہیں، اب ڈیوٹی کے دوران نماز پڑھنے جاسکتے ہیں یا نہیں؟ اگر پڑھنے چلے جائیں، تو کیا تنخواہ سے کچھ رقم کٹوانی ہوگی؟
جواب
نوکری کے اوقات میں فرض، وتر اور سنت مؤکدہ پڑھنے کی اجازت ہے اور اس میں جو وقت صرف ہو، اس کی کٹوتی کروانے کی بھی حاجت نہیں اور سنن غیر مؤکدہ و نوافل کی اگر ادارے کی طرف سےاجازت مل جائے، تو پڑھیں ورنہ نہیں۔
صدرُالشریعہ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: اجیرِ خاص اس مدتِ مقرر میں اپنا ذاتی کام بھی نہیں کرسکتا اور اوقاتِ نماز میں فرض اور سنتِ مؤکدہ پڑھ سکتا ہے نفل نماز پڑھنا اس کے لئے اوقاتِ اجارہ میں جائز نہیں۔ (بہارِ شریعت، جلد 3، صفحہ 161، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجیب: مولانا محمد ماجد رضا عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-1912
تاریخ اجراء: 06 ربیع الاوّل 1446ھ / 11 ستمبر 2024ء