ای سگریٹ ڈیلیوری کرنا کیسا؟

الیکٹرک سگریٹ کی ڈیلیوری کا کام کرنے کا حکم

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

میں دبئی میں ہوتا ہوں، ادھر الیکٹرک سگریٹ کا استعمال کیا جاتا ہے، اور میں الیکٹرک سگریٹ کی ڈیلیور ی کا کام کرتا ہوں، تو کیا یہ کام میرے لیے جائز ہے؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

الیکٹرک سگریٹ کی ڈیلیوری کی درج ذیل دو صورتیں ہیں:

(1) جس سگریٹ میں نشہ آور مواد ہو، اس کی ڈیلیوری کرنا بھی ناجائز ہے، کہ نشہ آور سگریٹ وغیرہ پینا، ناجائز ہے اور اس کی ڈیلیوری کرنا گناہ کے کام پر تعاون ہو گا جبکہ گناہ کے کام پر تعاون کرنا جائز نہیں۔

(2) اور جس سگریٹ میں نشہ آور مواد نہ ہو بلکہ جائزموادہو تو اس کی ڈیلیوری کرنا جائز ہے جبکہ قانونی پابندی نہ ہو، اگر قانونی پابندی ہوکہ جرم کی حدتک پہنچے توجائز نہیں کہ اس میں اپنے آپ کوسزاوذلت کے لیے پیش کرناہے، جوکہ جائز نہیں۔

امام اہل سنت اعلی حضرت الشاہ احمدرضاخان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "بھنگ اور افیون بقدر نشہ کھانا پینا حرام ہے۔ "(فتاوی رضویہ، جلد 19، صفحہ 537، رضافاؤنڈیشن، لاہور)

گناہ کے کام پر تعاون کرنے کے متعلق قرآن پاک میں ہے:

﴿وَ لَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْمِ وَ الْعُدْوَانِ وَ اتَّقُوا اللهَ اِنَّ اللهَ شَدِیْدُ الْعِقَابِ﴾

ترجمہ کنزالایمان: اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ دو اور اللہ سے ڈرتے رہو بیشک اللہ کا عذاب سخت ہے (القرآن، پارہ 6، سورۃ المائدۃ، آیت 2)

ناجائز کام کی نوکری کے متعلق بدائع الصنائع میں ہے

الاستئجار علی المعاصی أنہ لایصح

ترجمہ: گناہ کے کاموں پر اجارہ کرنا،ناجائزہے۔ (بدائع الصنائع،کتاب الاجارۃ، جلد 4، صفحہ 189، دارالکتب العلمیۃ، بیروت)

جائز قانون توڑنا شرعاً منع ہے۔ فتاوی رضویہ میں ہے: ”کسی ایسے امر کا ارتکاب جو قانوناً ناجائز ہو، اور جرم کی حد تک پہنچے، شرعاً بھی ناجائز ہو گا، کہ ایسی بات کے لئے جرمِ قانونی کا مرتکب ہو کر اپنے آپ کو سزا اور ذلت کے لئے پیش کرنا شرعاً بھی روا نہیں،

قال تعالی﴿لا تلقوا بایدیکم الی التھلکۃ﴾۔

(اللہ تعالی نے فرمایا: اپنے ہاتھوں ہلاکت میں نہ پڑو۔) (فتاوی رضویہ، جلد 20، صفحہ 192، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

الیکٹرک سگریٹ کے حکم سے متعلق تفصیلی فتوی ملاحظہ فرمائیے۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-4195

تاریخ اجراء: 04 ربیع الاول 1447ھ / 29 اگست2025ء