logo logo
AI Search

بارہ قریشی خلفاء کون ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

بارہ قریشی خلفا کی وضاحت

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ و سلم کی حدیث ہے کہ: میرے بعد بارہ خلفاء قریش سے ہوں گے جن سے دین مستحکم ہوگا، براہِ کرم ان کے اسماء طیبہ بتا دیں۔

جواب

امام اہل سنت، امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے بارہ خلفا میں سے نو کے نام ذکر کیے ہیں، اور باقی تین کے بارے میں یہی فرمایا ہے کہ باقی تین کے نام اللہ تعالی اور اس کا رسول صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم بہتر جانتے ہیں۔ نو کے نام درج ذیل ہیں:

(1) حضرت ابو بکر (2) حضرت عمر فاروق (3) حضرت عثمان غنی (4) حضرت علی مرتضی (5) حضرت حسن مجتبی (6) حضرت امیر معاویہ (7) حضرت عبد اللہ بن زبیر (8) حضرت عمر بن عبد العزیز (9) حضرت امام مہدی رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین۔

چنانچہ فتاوی رضویہ میں ہے غرض جمیع طرقِ حدیث سے یہ قول باطل ہے، حدیث میں کہیں نہیں کہ وہ سب بلافصل یکے بعد دیگرے ہوں گے۔ ان میں سے آٹھ گزر گئے: صدیق اکبر، فاروق اعظم، عثمان غنی، علی مرتضٰی، حسن مجتبی، امیر معاویہ، عبد اللہ بن زبیر، عمر بن عبد العزیز، اور ایک یقیناً آنے والے ہیں، حضرت امام مہدی رضی اللہ تعالٰی عنہم اجمعین، باقی تین کی تعیین اللہ و رسول کے علم میں ہے۔ (فتاوی رضویہ، جلد 29، صفحہ 219، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا اعظم عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4740
تاریخ اجراء: 25شعبان المعظم1447ھ/14فروری2026ء