
مجیب: ابو شاھد مولانا محمد ماجد علی مدنی
فتوی نمبر: WAT-3778
تاریخ اجراء: 01 ذیقعدۃ الحرام 1446 ھ/30 اپریل 2025 ء
دار الافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا ایسی روایت ہے کہ جوکوئی کلمہ طیبہ ستر ہزار مرتبہ پڑھ کر کسی کو بخشے تو وہ نجات پا جائے گا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
جی ہاں! ایسی روایت موجود ہے، چنانچہ مرقاۃ المفاتیح میں ہے
”قال الشيخ محيي الدين بن العربي: أنه بلغني «عن النبي صلى الله عليه و سلم أن من قال: لا إله إلا الله سبعين ألفا غفر له، و من قيل له غفر له أيضا»“
ترجمہ: شیخ محی الدین ابن العربی علیہ الرحمۃ نے فرمایا: مجھے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے یہ بات پہنچی ہے کہ جو شخص ستر ہزار بار
"لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہ"
پڑھے، اس کی مغفرت کردی جائے گی اور جس کے لئے پڑھا جائے اس کی بھی مغفرت ہوجائے گی۔(مرقاۃ المفاتیح، ج 3، ص 879، دار الفکر، بیروت)
ملفوظات اعلی حضرت میں لکھا ہے” کلمہ طیّبہ ستر ہزار (70000) مرتبہ مع درود شریف پڑھ کر بخش دیا جائے اِن شآء اللہ پڑھنے والے اور جس کو بخشا ہے ، دونوں کے لئے ذریعہ نجات ہوگا اور پڑھنے والے کو دو نا ثواب ہوگا اور اگر دو کو بخشے گا تو تِگْنا اسی طر ح کر وڑوں بلکہ جمیع مؤمنین ومؤمنات کو ایصالِ ثواب کرسکتا ہے۔ اسی نسبت سے اس پڑھنے والے کو ثواب ہو گا۔ حضرتِ شیخ اکبر محی الدین ابنِ عربی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ایک جگہ دعوت میں تشریف لے گئے، آپ نے دیکھا کہ ایک لڑکا کھانا کھارہا ہے، کھانا کھاتے ہوئے دفعتاً (یعنی اچانک )رونے لگا۔ وجہ دریافت کرنے پر کہاکہ میری ماں کو جہنم کا حکم ہے اور فرشتے اسے لئے جاتے ہیں (اس شہر میں یہ لڑکا کشف میں مشہور تھا)۔ حضرت شیخ اکبر محی الدین ابنِ عربی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے پاس یہی کلمہ طیبہ ستر ہزار مر تبہ پڑھا ہوا محفوظ تھا آپ نے اُس کی ماں کو دل میں ایصالِ ثواب کر دیا۔ فوراً وہ لڑکا ہنسا، آپ نے سبب ہنسنے کا دریافت فرمایا، لڑکے نے جواب دیا کہ حضور میں نے ابھی دیکھا میری ماں کو فرشتے جنت کی طرف لئے جارہے ہیں۔ شیخ ارشاد فرماتے ہیں: ''اس حدیث کی تصدیق مجھے اس لڑکے کے کشف سے ہوئی اور اس کے کشف کی تصدیق اس حدیث سے۔“ (ملفوظات اعلی حضرت، صفحہ 139، مکتبۃ المدینۃ، کراچی)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم