چیل، کوے وغیرہ کو دانہ ڈالنے کا حکم؟

چیل، کوے وغیرہ کو دانہ وغیرہ دینے میں ثواب ہے یا نہیں؟

مجیب:مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-2009

تاریخ اجراء:06 ربیع الاول 1446 ھ/11 ستمبر 2024 ء

دار الافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   حدیث میں ہے کہ ہر تر جگر میں اجر ہے۔ کیا اس حدیث کے پیشِ نظر  چیل کوے   کودانہ وغیرہ  کھلانے کابھی اجر و ثواب ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

   حدیثِ پاک میں ہے: ”ہرتر کلیجےوالےمیں ثواب ہے“ اس حکم میں فاسق  جانور شامل نہیں  ہیں کہ انہیں کھلانے میں اجر نہیں ہے۔ یہ وہ جانور ہیں جنہیں حدیث پاک میں فاسق قرار دیا گیا ہے جیسے چیل، کوا اور چوہا وغیرہ۔

   حدیث پاک میں ہے:”فی کل ذات کبد رطبۃ اجر“ یعنی ہرترکلیجےوالےمیں ثواب ہے۔ (صحیح بخاری، کتاب الادب، صفحہ 971، الحدیث: 6009، مطبوعہ: ریاض)

   علامہ نووی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ شرح صحیح مسلم میں فرماتےہیں:ففى هذا الحديث الحث على الإحسان إلى الحيوان المحترم و هو ما لا يؤمر بقتله فأما المأمور بقتله فيمتثل أمر الشرع في قتله و المأمور بقتله كالكافر الحربي و المرتد و الكلب العقور و الفواسق الخمس المذكورات في الحديث یعنی اس حدیث میں حرمت والےجانوروں پراحسان کرنےپرابھارا گیا ہے اور وہ وہ ہیں جن کے قتل کا حکم نہیں دیا گیا لیکن جو مامور بالقتل ہیں توشریعت کا حکم انہیں قتل کرنے کے بارے میں آیاہے اور وہ یہ ہیں: حربی کافر، مرتد، کاٹ کھانے والا کتا، پانچ فاسق جانور جوحدیث میں مذکورہیں۔(شرح صحیح مسلم للنووی، تحت الحدیث 2244، جلد 14، صفحہ 347، مؤسسۃ قرطبۃ)

   مفتی احمدیارخان نعیمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اس حدیث کی شرح میں فرماتےہیں: ”تر کلیجے والے سے مراد ہر جاندار ہے مگر اس سے مُوذی  جانور مستثنیٰ  ہیں، لہٰذا سانپ، بچھو، شیر وغیرہ کو مار دینا ثواب ہے۔“ (مرآۃ المناجیح، جلد 3، صفحہ 110، مکتبہ اسلامیہ لاہور)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم