وَلَلْاٰخِرَةُ خَیْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰى کی تفسیر

آیت ”وَلَلْاٰخِرَةُ خَیْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰى“ کی تفسیر

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا

﴿وَلَلْاٰخِرَةُ خَیْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰى﴾

کا مطلب یہی ہے کہ تمہارا مستقبل تمہارے ماضی سے بہتر ہے؟ کیا یہ ہر مسلمان کے بارے میں نازل ہوئی ہے؟ اس آیت کی مکمل تفسیر بیان فرما دیں۔

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

﴿وَلَلْاٰخِرَةُ خَیْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰى﴾

اور بیشک تمہارے لیے ہر پچھلی گھڑی پہلی سے بہتر ہے۔ یہ آیتِ مبارکہ حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لیےنازل ہوئی، مفسرینِ کرام نے اس آیت کے متعدد معانی بیان کیے ہیں۔ اس آیت کا ایک معنی یہ بیان کیا ہے کہ اے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم!بے شک تمہارے لیے آخرت دنیا سے بہتر ہے کیونکہ وہاں آپ کے لیے مقامِ محمود، حوضِ کوثر اوروہ بھلائی ہے جس کا وعدہ کیا گیا ہے، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا تمام اَنبیاء و رُسُل علیہم السّلام پر مُقدّم ہونا، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اُمت کا تمام اُمتوں پر گواہ ہونا، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شفاعت سے مومنین کے مرتبے اور درجے بلند ہونا اور بے انتہا عزتیں اور کرامتیں ہیں جو بیان میں نہیں آسکتیں۔نیز مفسرین نے اس آیت کے ایک معنی یہ بھی بیان فرمائے ہیں کہ آنے والے اَحوال آپ کے لیے گزشتہ سے بہتر و برتر ہیں گویا کہ حق تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ وہ روز بروز آپ کے درجے بلند کرے گا اور عزت پر عزت اور منصب پر منصب زیادہ فرمائے گا اورہر آنے والی گھڑی میں آپ کے مَراتب ترقیوں میں رہیں گے۔

تفسیرِ نسفی میں ہے:

ای ما اعد اللہ لك في الآخرة من المقام المحمود و الحوض المورود و الخير الموعود خير مما اعجبك فی الدنيا

یعنی جو اللہ پاک نے آپ کے لیے آخرت میں تیار فرمایا ہے جیسے مقامِ محمود، حوضِ کوثر اور وہ خیر و بھلائی جس کا وعدہ کیا گیا ہے جو اس خیر سے بہتر ہے جس کو آپ دنیا میں پسند فرماتے تھے۔(تفسیر نسفی، 3/653- غرائب التفسیر و عجائب التأویل، 2/1354 -فتاویٰ رضویہ، 30/165، 166 ملخصاً)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مفتی ابومحمد علی اصغر عطاری مدنی

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2025ء