logo logo
AI Search

سورۃ الکہف کی آخری دس آیات یاد کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سورۃ الکہف کی ابتدائی اور آخری دس آیات یاد کرنے کی فضیلت

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا کوئی ایسی روایت موجود ہے کہ جو شخص سورۃ الکہف کی آخری دس آیات یاد کر لے تو دجال کے فتنے سے محفوظ رہے گا؟

جواب

جی ہاں! ایسی صحیح اور معتبر روایات موجود ہیں، جن میں سورۃ الکہف کی ابتدائی اور آخری دس آیات کے حفظ کو دجال اور فتنہ دجال سےحفاظت کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔

صحیح مسلم میں ہے

عن قتادة، عن سالم بن أبي الجعد الغطفاني، عن معدان بن أبي طلحة اليعمري، عن أبي الدرداء، أن النبي صلى اللہ عليه وسلم، قال: من حفظ عشر آيات من أول سورة الكهف عصم من الدجال۔۔۔ حدثنا همام، جميعا عن قتادة، بهذا الإسناد، قال شعبة: من آخر الكهف، و قال همام: من أول الكهف، كما قال هشام

ترجمہ: حضرت قتادہ، سالم بن ابی الجعد الغطفانی سے، وہ معدان بن ابی طلحۃ الیعمری سے، اور وہ حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے سورہ کہف کی ابتدائی دس آیات یاد کیں، اُس کو فتنہ دجال سے محفوظ رکھا جائے گا۔ ہمام نے ہمیں یہ پوری روایت اسی سند کے ساتھ قتادہ کے حوالے سے بیان کی۔ شعبہ نے کہا سورہ کہف کے آخری سے دس آیات حفظ کرے۔ اور ہمام نے کہا سورہ کہف کی ابتدا سے دس آیات حفظ کرے جیسا کہ ہشام نے کہا۔ (صحیح مسلم، رقم الحدیث 809، ص 291، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

جامع الاصول فی احادیث الرسول میں ہے

أبو سعيد الخدري - رضي اللہ عنه - أن رسول اللہ - صلى اللہ عليه وسلم- قال: من حفظ عشر آيات من آخر (سورة الكهف) عصم من فتنة الدجال

ترجمہ:حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے سورہ کہف کی آخری دس آیات حفظ کیں وہ دجال کے فتنہ سے محفوظ رہے گا۔ (جامع الاصول فی احادیث الرسول، رقم الحدیث 6254، ج 8، ص 480، مكتبة الحلواني)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مفتی محمد سجاد عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4804
تاریخ اجراء: 14رمضان المبارک1447ھ / 04مارچ2026ء