کیا قرآن پاک بغیر ترجمہ پڑھنا باعثِ ثواب ہے؟

قرآن پاک بغیر ترجمہ کے پڑھنا

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا قرآن پاک بغیر ترجمہ کے پڑھ سکتے ہیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

ترجمے کے بغیر بھی قرآن پاک پڑھنا باعثِ اجر و ثواب اور بہت سی فضیلتوں کے حصول کا ذریعہ ہے، حدیث پاک کے مطابق "الم" پڑھنے پر تیس نیکیاں ملتی ہیں، حالانکہ اس کاترجمہ معلوم نہیں، لہٰذا بغیر ترجمے کے بھی قرآن پاک پڑھ سکتے ہیں، اور عام نمازوں اور نماز تراویح،خطبات وغیرہ کئی مقامات پر بغیر ترجمے کے ہی قرآن پاک پڑھا جاتا ہے اور یہ یقینا باعث ثواب و برکت بھی ہے۔

حدیثِ مبارک میں ہے

من قرأ حرفا من كتاب اللہ فله به حسنة، و الحسنة بعشر أمثالها، لا أقول الم حرف، و لكن ألف حرف و لام حرف و ميم حرف

 ترجمہ: جس شخص نے کتاب اللہ (قرآنِ مجید ) کا ایک حرف پڑھا، اسے اس کی برکت سے ایک نیکی دی جاتی ہے اور ایک نیکی دس نیکیوں کی مثل ہے، میں یہ نہیں کہتا کہ ”الم“ ایک حرف ہے، بلکہ الف الگ حرف ہے، لام الگ اور میم بھی علیحدہ سے ایک حرف ہے۔ (سنن الترمذی، جلد 5، صفحہ 175، حدیث: 2910، مطبوعہ: مصر)

بہار شریعت میں ہے ”قرآن مجیددیکھ کر پڑھنا، زبانی پڑھنے سے افضل ہے کہ يہ پڑھنا بھی ہے اور دیکھنا اور ہاتھ سے اس کا چھونا بھی اور سب عبادت ہيں۔“ (بہار شریعت، جلد 1، حصہ 3، صفحہ 550، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا عبد الرب شاکر عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-4347

تاریخ اجراء: 24 ربیع الآخر 1447ھ / 18 اکتوبر 2025ء