قرآن مجید میں درود پاک کا ذکر ہے ؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
قرآن پاک میں درود پاک کا ذکر
دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا قرآن پاک میں دردو پاک کا ذکر ہے ؟ اگر ہے تو کس پارے میں ؟
جواب
جی ہاں! قرآن مجید میں درود پاک کا ذکر موجود ہے، جس میں خالق کائنات عزوجل مؤمنین کو رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر درود بھیجنے کا حکم ارشاد فرما رہا ہے۔
چنانچہ سورہ احزاب میں ارشاد باری تعالی ہے: ﴿اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلٰٓىٕكَتَهٗ یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّؕ-یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا﴾ ترجمہ کنز الایمان: بیشک اللہ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں اس غیب بتانے والے (نبی) پر، اے ایمان والو! ان پر درود اور خوب سلام بھیجو۔ (پارہ22، سورہ احزاب، آیت 56)
بیان کردہ آیت مبارکہ کے تحت صراط الجنان میں ہے "یہ آیت ِمبارکہ سیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی صریح نعت ہے، جس میں بتایا گیا کہ اللہ تعالیٰ اپنے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر رحمت نازل فرماتا ہے اور فرشتے بھی آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم َکے حق میں دعائے رحمت کرتے ہیں اور اے مسلمانو! تم بھی ان پر درود و سلام بھیجو یعنی رحمت و سلامتی کی دعائیں کرو۔۔۔یہ آیت ِمبارکہ سیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی انتہائی عظمت و شان پر دلالت کرتی ہے۔۔۔اَحادیث میں درود شریف پڑھنے کی بکثرت ترغیب دلائی گئی اور بیسیوں مقامات پر اس کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔" (صراط الجنان، جلد 08، صفحہ 78، 79، 80، ملتقطاً، مکتبۃ المدینۃ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4979
تاریخ اجراء: 16 ذو القعدۃ الحرام 1447ھ / 04 مئی 2026ء