بغیر کلی کیے صبح سورہ فاتحہ پڑھنا کیسا؟

صبح اٹھ کر بغیر کلی کئے دم کے لئے سورہ فاتحہ پڑھنا

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا صبح اٹھ کر بغیر کلی کیے سورہ فاتحہ پڑھ سکتے ہیں؟ دم کرنے کے لیے؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

سونے سے اٹھنے کے بعدہاتھ دھوکرکلی کرلے، اس کے بعد سورہ فاتحہ پڑھے، اور اگر سونے کی وجہ سے منہ میں بدبو پیدا ہوگئی ہو، تب تو خاص طور پر کلی وغیرہ کر کے اولا منہ کی بدبو ختم کرے، پھر اس کے بعدسورہ فاتحہ پڑھے۔

امام اہلسنت،امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن سے سوال ہوا:

"سونے سے اُٹھ کر آیۃ الکرسی پڑھنا کیسا ہے؟ بعض استاد حقہ پیتے ہیں اور شاگرد کو پڑھاتے جاتے ہیں۔" تو آپ علیہ الرحمۃ نے جوابا فرمایا:

"سونے سے اٹھ کر ہاتھ دھو کر کلی کر لے اس کے بعد آیۃ الکرسی پڑھے، اگر منہ میں حقہ وغیرہ کی بدبو ہو یا کوئی کھانے پینے کی چیز ہو تو بغیر کلی کیے تلاوت نہ کرے جو استاد ایسا کرتے ہیں برا کرتے ہیں۔" (فتاویٰ رضویہ، جلد 23، صفحہ 375، 376، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد بلال عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-4470

تاریخ اجراء: 03 جمادی الاخریٰ 1447ھ / 25 نومبر 2025ء