مجیب:مولانا سید مسعود علی عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1889
تاریخ اجراء:29صفرالمظفر1446ھ/04ستمبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا کہ میں یہود و نصاریٰ کو جزیرۂ عرب سے نکال دوں گا۔ اس حدیث کا مفہوم اور مطلب کیا ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
مشکوٰۃ المصابیح میں بحوالہ صحیح مسلم حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے ، فرماتے ہیں کہ مجھے حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا:”لأخرجن اليهود والنصارى من جزيرة العرب حتى لا أدع فيها إلا مسلما “ یعنی میں یہودیوں اور عیسائیوں کو جزیرۂ عرب سے نکال دوں گا حتی کہ اس میں نہ چھوڑوں گا مگر مسلمان کو۔(مشکوۃ المصابیح مع مرقاۃ المفاتیح، جلد 7، صفحہ 585، مطبوعہ: بیروت)
مذکورہ حدیث کی شرح میں مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:”یعنی ہمارا ارادہ یہ ہے کہ عرب سے تمام دینوں کو نکال دوں،یہاں صرف مسلمان رہیں تاکہ یہ جگہ فتنہ و فساد کی نہ رہے صرف حج وعمرہ،زیارت اور ذکرِ الٰہی کے لیے رہے جہاں صرف عبادات ہوں سیاسی اڈہ اور فتنہ فساد کا اکھاڑہ نہ بنے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ کو یہود سے خالی کرالیا،اس طرح کہ وہاں کے یہودیوں میں سے بنی قریظہ کو قتل کردیا اور بنی نضیر کو جلا وطن فرمادیا، خیبر فتح فرمایا تو وہاں کے یہود کو عارضی طورپر کچھ روز رہنے سہنے کی اجازت دی،پھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے انہیں وہاں سے بھی نکال دیا،اس طرح حضور انور کی یہ خواہش رب نے پوری فرمادی۔“(مراۃ المناجیح، جلد5، صفحہ 628، نعیمی کتب خانہ، گجرات)
جزیرۃ العرب کے متعلق مفتی صاحب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:”عرب اس جزیرہ کا نام ہے جو بحر ِہند،بحرِ شام،دجلہ و فرات سے گھرا ہوا ہے۔ عدن سے شام تک طول ہے،جدہ سے عراق تک عرض ہے۔اس کے پانچ صوبے ہیں:حجاز،عراق،یمن،نجد، بحرین،باقی دیگر ممالک کا نام عجم ہے۔ “ (مراۃ المناجیح ، جلد5، صفحہ 624، نعیمی کتب خانہ، گجرات)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
قرآن خوانی میں بلند آواز سے تلاوت کرنا کیسا ہے؟
قرآن کریم میں مشرق اور مغرب کے لیے مختلف صیغے کیوں بولے گئے؟
کیا تلاوت قرآن کے دوران طلباء استاد کے آنے پرتعظیماًکھڑے ہو سکتے ہیں؟
قرآن کریم کو رسم عثمانی کے علاوہ میں لکھنا کیسا؟
عصر کی نماز کے بعدتلاوت کا حکم
لیٹ کر قرآن پڑھنا کیسا ؟
قرآ ن خوانی کے بعد کھانا یا رقم لینا دینا کیسا ؟
قرآن پاک کو تصاویر والے اخبار کے ساتھ دفن کرنا کیسا ؟