logo logo
AI Search

رمضان کا سنت اعتکاف ٹوٹ جائے تو قضا کا طریقہ

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سنت اعتکاف ٹوٹ جائے، تو کتنے دن کی قضا کریں گے ؟ نیز قضا کرنے کا طریقہ ؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں سنت اعتکاف کیا تھا، شرعی عذر (حیض) کی وجہ سے وہ اعتکاف فاسد ہو گیا، مجھے یہ جاننا ہے کہ اعتکاف کی قضا میں پورے دس دن کا اعتکاف کرنا ہو گا ؟ اور اعتکاف کی قضا کا کیا طریقہ ہے ؟ اس بارے میں رہنمائی فرما دیں۔

جواب

پوچھی گئی صورت میں آپ پر اسی ایک دن کے اعتکاف کی قضا لازم ہے، جس دن اعتکاف ٹوٹا، مکمل دس دنوں کی قضا لازم نہیں۔

اعتکاف کی قضا کا طریقہ یہ ہے کہ آپ عید الفطر اور ذُو الحجۃ الحرام کی دسویں تا تیرھویں تاریخ کے علاوہ کسی بھی دن غروب ِآفتاب سے کچھ پہلے اعتکاف کی قضا کی نیت سے مسجدِ بیت میں چلی جائیں ، اب جو دن آئے، اس میں روزہ رکھیں کہ (اس اعتکاف میں روزہ شرط ہے، اس کے بغیر اعتکاف نہیں ہوتا) پھر اگلے دن یعنی کم و بیش چوبیس گھنٹے بعد غروبِ آفتاب کے بعد مسجد بیت سے نکل آئیں، تو آپ کے اعتکاف کی قضا ہو جائے گی۔

رمضان المبارک کے آخری عشرے کا اعتکاف ٹوٹ جائے، تو ایک ہی دن کی قضا لازم ہے، مکمل دس دنوں کی قضا لازم نہیں، جیسا کہ رد المحتارمیں ہے: ”فيقضي اليوم الذی افسده لاستقلال كل يوم بنفسہ“ ترجمہ: ہردن کے مستقل ہونے کی وجہ سے معتکف پر صرف اسی دن کی قضا لازم ہے، جس دن اس نے اعتکاف توڑا۔ (رد المحتار علی الدر المختار، جلد 3، صفحہ 501، مطبوعہ کوئٹہ)

یونہی جد الممتار میں ہے: ”لایقضی الا اعتکاف یوم أفسدہ “ترجمہ: معتکف صرف اسی دن کی قضا کرے گا، جس دن اس نے اعتکاف توڑا۔ (جد الممتار، جلد 4، صفحہ 293، مطبوعہ مکتبة المدینہ، کراچی)

اعتکاف کی قضا کے طریقہ کے متعلق بہار شریعت میں ہے: ”اعتکاف کے لیے روزہ شرط ہے، نیز اس صورت میں یہ بھی ضرور ہے کہ دن سے پہلے جو رات ہے، اس میں اعتکاف ہو، لہذاغروب آفتاب سے پہلے جائے اعتکاف میں چلا جائے اور جس دن پورا ہو غروبِ آفتاب کے بعد نکل آئے۔“ (بھارشریعت، جلد 1، صفحہ 1027، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری
فتویٰ نمبر: FSD-9961
تاریخ اجراء: 11 ذی القعدۃ 1447 ھ / 29 اپریل 2026 ء