مجیب:مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3420
تاریخ اجراء: 21جمادی الاخریٰ 1446ھ/24دسمبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
میرا یہ سوال ہے کہ عصر یا مغرب کے وقت غسل اتار سکتے ہیں یا نہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جی ہاں ! عصر یا مغرب کے وقت بھی غسل کر سکتے ہیں کہ شریعت مطہرہ میں غسل کا کوئی مخصوص وقت یا کوئی ممنوع وقت نہیں ہے۔ بلکہ اگر غسل فرض ہوتو چاہیے کہ بلا عذر تاخیر نہ کرے ، جلد از جلد غسل کر لے کہ جنبی کے پاس رحمت کے فرشتے نہیں آتے ،ہاں اگر وہ غسل یا وضو کر لےتو فرشتوں کے آنے کی رکاوٹ ختم ہو جاتی ہے۔اوراگر اتنی دیر ہو گئی کہ نماز کاآخری وقت آ گیاتو فوراً نہانا فرض ہے تاکہ نماز قضا نہ ہو ۔
جنبی کے پاس رحمت کے فرشتے نہیں آتے،نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”إن الملائكة لا تحضر جنازة كافر بخير، ولا جنبا حتى يغتسل أو يتوضأ وضوءه للصلاة“ ترجمہ:بےشک فرشتے کافر مردے کے پاس بھلائی کے ساتھ حاضر نہیں ہوتے اور جنبی شخص کے پاس بھی نہیں آتے جب تک وہ غسل نہ کر لے یا نماز جیسا وضو نہ کر لے۔(مصنف عبد الرزاق، رقم الحدیث 1087، ج1، ص 281، المجلس العلمي، الهند)
جنبی جب وضو کر لے، تو رحمت کے فرشتوں کے آنے کی رکاوٹ ختم ہوجاتی ہے ، اس کے متعلق علامہ عبد الرؤوف مناوی علیہ الرحمۃ لکھتے ہیں:”(فيتوضأ)فإنه إذا فعل ذلك لم تنفر الملائكة عنه ولم تمتنع عن دخول بيت هو فيه“ترجمہ:(جنبی شخص جب غسل سے پہلے کھانایاسوناچاہے )تووہ وضوکرلے کہ جب وہ یہ(یعنی وضو ) کر لیتاہے تو فرشتے اس سے دور نہیں جاتے اور جس گھر میں وہ ہو،وہاں داخل ہونے سے بھی نہیں رکتے۔(فیض القدیر، ج 3، ص 325،مطبوعہ مصر)
بہارشریعت میں ہے’’جس پرغسل واجب ہے اسے چاہیے کہ نہانے میں تاخیر نہ کرے۔ حدیث میں ہے جس گھر میں جنب ہو اس میں رحمت کے فرشتے نہیں آتے اور اگر اتنی دیر کر چکا کہ نماز کا آخر وقت آگیا تو اب فوراً نہانا فرض ہے، اب تاخیر کریگا، گنہگار ہو گا اور کھانا کھانا یا عورت سے جِماع کرنا چاہتا ہے تو وضو کرلے یا ہاتھ مونھ دھولے، کلی کرلے اور اگر ویسے ہی کھا پی لیا تو گناہ نہیں مگر مکروہ ہے اور محتاجی لاتا ہے۔(بہارشریعت،ج 1،حصہ 2،ص 325 ،326، مکتبۃ المدینہ)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
وضو میں عورتیں سرکا مسح کس طرح کریں؟
ڈبلیو سی کا رخ شمال کی طرف رکھنا کیسا؟
مخصوص ایام میں معلمہ قرآن کی تعلیم کیسے دے؟
کیا ایام مخصوصہ میں ایک کلمے کی جگہ دوکلمات پڑھائے جاسکتے ہیں؟
جو پانی حالت حمل میں پستان سے نکلے پاک ہے یا ناپاک؟
خون کی نمی کپڑوں پر لگ جاتی ہے نماز جائز ہےیانہیں؟
شرمگاہ پر نجاست کی تری ظاہر ہونےسے وضو ٹوٹے گا یا نہیں؟
لال بیگ پانی میں مرجائے تو پانی پا ک ہے یا ناپاک؟