logo logo
AI Search

مسواک کے بغیر وضو کرنا کیسا؟

بسم اللہ الرحمن الرحيم

مسواک کے بغیر وضو کا حکم

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

جواب

احادیثِ طیبہ میں مسواک کی بہت فضیلت بیان ہوئی ہے۔ چنانچہ ایک حدیثِ پاک میں ہے: مسواک منہ کی پاکیزگی کا ذریعہ اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا سبب ہے۔ لہٰذا مسواک کو ترک نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے اس عظیم سنت کے ثواب سے محرومی ہوتی ہے۔ تاہم مسواک وضو کی سنتِ قبلیہ ہے، یعنی وضو شروع کرنے سے پہلے کی سنت ہے، وضو کے اندر کی سنت نہیں۔ عام حالات میں مسواک کرنا سنتِ غیر مؤکدہ ہے، البتہ اگر منہ میں بدبو ہو تو اس وقت مسواک کرنا سنتِ مؤکدہ ہے۔ ایسی صورت میں جان بوجھ کر مسواک چھوڑنے پر عتاب کا مستحق ہوگا اور اسے چھوڑنے کی عادت بنانے پر گناہ ہوگا۔ بہرحال دونوں صورتوں میں مسواک کے بغیر وضو ہو جائے گا، اس سے وضو پر اثر نہیں پڑے گا، لیکن مسواک کا اہتمام ضرور کرنا چاہیے۔

صحیح بخاری کی روایت ہے: ”قالت عائشة: عن النبي صلى اللہ عليه و سلم: السواك مطهرة للفم مرضاة للرب“ ترجمہ: حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ وسلم سے روایت کرتی ہیں کہ آپ صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم نے ارشاد فرمایا: مسواک منہ کی پاکیزگی کا ذریعہ اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا سبب ہے۔ (صحیح بخاری،جلد 03، صفحہ 31،دار طوق النجاۃ)

امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: ”بالجملہ: بحکم متون و احادیث اظہر، وہی مختار بدائع و زیلعی و حلیہ ہے کہ مسواک وضو کی سنت قبلیہ ہے، ہاں سنت مؤکدہ اُسی وقت ہے جبکہ منہ میں تغیر ہو۔“ (فتاوی رضویہ،جلد 1 (ب)، صفحہ 838، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

مسواک کرنے کے حوالے سے امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ اپنے رسالے "مسواک شریف کے فضائل" میں لکھتے ہیں: ”مِسواک وضو کی سنَّتِ قبلیہ ہے (یعنی مسواک وضو سے پہلے کی سنّت ہے وُضو کے اندر کی سنّت نہیں، لہٰذا وضو شروع کرنے سے قَبل مسواک کیجئے پھر تین تین بار دونوں ہاتھ دھوئیں اور طریقے کے مطابق وضو مکمّل کیجئے) البتّہ سُنَّتِ مُؤَکَّدَہ اُ سی وقت ہے جبکہ منہ میں بدبو ہو۔ (مسواک شریف کے فضائل، صفحہ 11، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد شفیق عطاری مدنی
فتوی نمبر: WAT-5358
تاریخ اجراء: 03 ربیع الاول 1448ھ / 17 اگست 2026ء