logo logo
AI Search

شرعی معذور کا اشراق چاشت کے وضو سے ظہر پڑھنا کیسا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اشراق، چاشت کے لئے شرعی معذور نے وضو کیا، اسی وضو سے ظہر کی نماز پڑھنے کا حکم؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

شرعی معذور جس نے اشراق چاشت کے وقت وضو کیا، وہ اسی وضو سے ظہر پڑھ سکتا ہے؟

جواب

اگر معذور شرعی نے اشراق چاشت کے وقت وضو کیا تو اب ظہر کی نماز کا وقت نکلنے سے اس کا وضو ٹوٹے گا، ظہر کی نماز وہ اسی وضو سے پڑھ سکتا ہےجبکہ اس کے علاوہ کوئی اور وضو ٹوٹنے والی صورت نہ پائی جائے، کیونکہ مفتیٰ بہٖ قول کے مطابق فرض نماز کا وقت نکلنے سے معذور کا وضو ٹوٹتا ہے، اور مذکورہ صورت میں فی الحال کوئی فرض نما زکا وقت نہیں ہے، لہٰذا ظہر کا وقت نکلنے سے فرض نماز کا وقت ختم ہونا پایا جائے گا۔
بہار شریعت میں ہے: ’’فرض نماز کا وقت جانے سے معذور کا وُضو ٹوٹ جاتا ہے جیسے کسی نے عصر کے وقت وُضو کیا تھا تو آفتاب کے ڈوبتے ہی وُضو جاتا رہا اور اگر کسی نے آفتاب نکلنے کے بعد وُضو کیا تو جب تک ظہر کا وقت ختم نہ ہو وُضو نہ جائے گا کہ ابھی تک کسی فرض نماز کا وقت نہیں گیا۔‘‘ (بہار شریعت، حصہ دوم ،صفحہ 386، مکتبۃ المدینہ کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-2612
تاریخ اجراء: 28 جمادی الاولٰی 1447ھ/20 نومبر 2025ء