
مجیب:مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی
فتوی نمبر: Web-2025
تاریخ اجراء: 20 جمادی الاولٰی 1446 ھ/23 نومبر 2024 ء
دار الافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
عرض ہے کہ موٹر سائیکل یا کار کی سیٹ ناپاک ہو جائےاور پھر خشک ہو جائے اور رنگ بو ذائقہ ختم ہو جائے تو اس سیٹ پر گیلے کپڑوں سے بیٹھنے سے کپڑے ناپاک ہو جائیں گے یا اس سیٹ پر گیلے ہاتھ رکھنے سے ہاتھ ناپاک ہو جائیں گے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
اگر سیٹ کا کوئی ناپاک حصہ تھا جوسوکھ گیا ہے تو اس جگہ پر گیلے کپڑوں کے ساتھ ہرگز نہ بیٹھیں، ورنہ اگر کپڑا اتنا گیلا تھا کہ تری چھوٹ کر اس جگہ کو لگی اور وہ جگہ اتنی گیلی ہوئی کہ وہاں سے تری چھوٹ کر دوبارہ کپڑوں کولگی تو کپڑے کا وہ حصہ بھی ناپاک ہوجائے گا۔
صدرالشریعہ بدرالطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: ”بھیگے ہوئے پاؤں نجس زمین یا بچھونے پر رکھے، تو ناپاک نہ ہوں گے، اگرچہ پاؤں کی تری کا اس پر دھبہ محسوس ہو، ہاں اگر اس زمین یا بچھونے کو اتنی تری پہنچی کہ اس کی تری پاؤں کو لگی، تو پاؤں نجس ہوجائیں گے“ (بھارِ شریعت، جلد 1، صفحہ 393، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم