واشنگ مشین میں ناپاک کپڑے پاک کرنے کا طریقہ

مشین میں ناپاک کپڑے ڈالے اور اوپر سے پانی چلا دیاجو پائپ سے نکلتا رہا، تو پاک ہوجائیں گے یا نہیں

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-2083

تاریخ اجراء: 01 رجب المرجب 1446 ھ/ 02 جنوری 2025 ء

دار الافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

کپڑے دھونے کی عام مشین میں ناپاک کپڑے ہوں اور ان کپڑوں کے اوپر پائپ سے پانی ڈالا جاتا رہے اور مشین کا پائپ کھول دیا جائے، جس سے ڈالا جانے والا پانی نکلتا رہے، تو کیا کپڑے پاک ہوجائیں گے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

بہتے پانی میں ناپاک کپڑا پاک ہونے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے ہر ناپاک حصے پر پانی مسلسل بہتا رہے اور نجاست کو بہا کرلے جائے یہاں تک کہ نجاست کا اثر یعنی رنگ و بُو وغیرہ ختم ہوجائے نیز اس طرح ٹب یا مشین میں کپڑے ڈال کر پاک کرنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ مکمل کپڑا بہتے پانی میں ڈوبا رہے لہٰذا اس کے لیے کپڑے ڈال کر پہلے پانی بھر لیں اور کپڑوں کو ہاتھ وغیرہ سے پانی میں دبا کر رکھئے تا کہ کوئی حصّہ ابھرا ہوا نہ رہے، اوپر کانل کھلا رکھئے اب نچلا سوراخ یا پائپ بھی کھولدیجئے، اِس طرح اوپر نل سے پانی آتا رہے گا اور نچلے سوراخ سے بہتا رہے گا جب ظن غالب آ جائے کہ پانی نَجاست کو بہا لے گیا ہو گا تو کپڑے اور مشین کے اندر کا پانی پاک ہو جائے گا جبکہ نَجاست کا اثر کپڑوں وغیرہ پر باقی نہ ہو۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم