ناپاک کمبل اوڑھنے سے کپڑے یا جسم ناپاک ہونگے؟

کیا ناپاک کمبل اوڑھنے سے جسم یا کپڑے ناپاک ہوجائیں گے؟

مجیب: مولانا فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-2069

تاریخ اجراء: 23 جمادی الاخریٰ 1446 ھ/26 دسمبر 2024 ء

دار الافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کسی بچے کا پیشاب نکل جائے تو بستر تو صاف پانی سے صاف کردیا، لیکن کمبل نہیں کیا اور وہ سوکھ گیا، تو کیا یہ ناپاک ہو گا؟ اور جو اوڑھے گا کیا وہ بھی ناپاک ہوجائے گا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

   اولاً یہ بات ذہن میں رہے کہ جو چیز نچوڑنے کے قابل نہ ہو جیسے گدّا،کمبل وغیرہ، اگر اس پر بچہ پیشاب کردے تو اس کو پاک کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اس کو جاری پانی میں مثلاً نل وغیرہ کے جاری پانی کے نیچے اتنی دیر رکھیں کہ غالب گمان ہو جائے کہ پانی اس کی نجاست کو بہا لے گیا ہو گا، تو پاک ہو جائے گا۔

   اس کو پاک کرنے کا دوسراطریقہ یہ ہے کہ: ایک مرتبہ اچھی طرح دھو کر کسی دیوار وغیرہ پر ڈال دیں، یہاں تک کہ پانی ٹپکنا بند ہو جائے، جب پانی ٹپکنا بند ہو جائے تو پھر دوسری مرتبہ دھوئیں پھر کسی دیوار وغیرہ پر ڈال دیں،یہاں تک کہ پانی ٹپکنا بند ہو جائے، جب پانی ٹپکنا بند ہو جائے، تو تیسری مرتبہ دھوئیں، اس کے بعد جب پانی ٹپکنا بند ہو جائے گا ،تو پاک ہو جائے گا۔

   نیز گدے یا کمبل کے کسی حصے پر بچے کا پیشاب لگا ہو تو وہ صرف پیشاب کے خشک ہونے سے پاک نہیں ہوگا، جب تک اُسے شرعی طریقے کے مطابق پاک نہ کیا جائے وہ ناپاک ہی رہے گا۔

   رہا اسے اوڑھنے والے کے کپڑے یا بدن کا ناپاک ہونا یا اس کمبل کے سبب گدے کا ناپاک ہونا تو اس کے متعلق اصول یہ ہے کہ جب ایک پاک چیزدوسری ناپاک چیز کے ساتھ مل جائے تو جب تک ناپاک چیز سے نجاست چھوٹ کر پاک چیزمیں منتقل نہ ہوجائے پاک چیز پاک ہی رہے گی۔ لہٰذا پوچھی گئی صورت میں اگر بچے کا پیشاب لگنے کے سبب گدا ناپاک تھا، لیکن پیشاب خشک ہوگیا تھا اور اس کی ناپاکی اوڑھنے والے کے کپڑے وغیرہ کی طرف منتقل نہیں ہوئی تو اس کے کپڑے وغیرہ ناپاک نہیں ہوں گے۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم