فرض کے بعد ظہر کی سنتِ قبلیہ کی نیت کیسے کریں؟

ظہر کی سنتِ قبلیہ فرضوں کے بعد پڑھنے کی صورت میں نیت کس طرح کریں؟

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

ظہر کی نماز میں چار رکعات سنتِ قبلیہ نکل جائیں تو اس کو ظہر کے فرضوں کے بعد کس نیت سے پڑھیں گے؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

ظہر کی سنت قبلیہ اگرظہرکے فرض پڑھنے سے پہلے کسی وجہ سے نہ پڑھ سکیں تو ان سنتوں کو ظہر کے وقت میں ہی سنتِ بعدیہ کے بعد ظہر کی سنتوں کی نیت سے پڑھیں گے اور اس طرح پڑھنے سے بعینہٖ ظہر کی سنتیں ہی شمار ہوں گی۔

امام اہل سنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے سوال ہوا: ”سنن اربعہ جو بروز جمعہ قبل از خطبہ پڑھی جاتی ہیں اگر وہ کسی عذر سے ترک ہوجائیں تو بعد خطبہ اور فرضوں کے ان کی ادا ہے یا نہیں؟“ تو امام اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: ”ہے اور سنتوں ہی کی نیت کرے وہ سنت ہی واقع ہوں گی، ہاں اگر وقتِ ظہر نکل گیا توا ب قضا نہیں۔“ (فتاوی رضویہ، ملتقطاً، جلد 8، صفحہ 153، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

ایک اور مقام پر امام اہلسنت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”تحقیقِ مقام و تنقیح مرام یہ ہے کہ حقیقۃً قضانہیں مگر فرض یا واجب کی۔۔۔ باقی نوافل و سنن اگرچہ مؤکدہ ہوں مستحقِ قضا نہیں کہ شرعاً لازم ہی نہ تھی جو بعدِ فوت ذمہ پرباقی ر ہیں۔۔۔ مگر بعض جگہ برخلافِ قیاس،نص وارد ہو گیا وہی سنتیں جو ایک محل میں ادا کی جاتی تھیں، بعد فوت دوسری جگہ ادا فرمائی گئیں، جیسے فجر کی سنتیں جبکہ فرض کے ساتھ فوت ہوں، بشرطیکہ بعد بلندی آفتاب و قبل اَز زوال ادا کی جائیں یا ظہر کی پہلی چار سنتیں جو فرض سے پہلے نہ پڑھی ہو، تو بعدِ فرض بلکہ مذہبِ ارجح پر بعد سنتِ بعدیہ کے پڑھیں بشرطیکہ ہنوز وقتِ ظہر باقی ہو۔

نص علی کل ذلک فی غیر ما کتاب کرد المحتار۔

ان شرائط کےساتھ جب یہ دونوں سنتیں بعدِ فوت پڑھی جائیں گی، تو بعنیہا وہی سنتیں ادا ہوں گی جو فوت ہوئی تھیں اور ان کے سوا اور فوت شدہ سنتیں یا یہی سنتیں بے مراعات ان شرائط کے پڑھی جائیں گی، تو صرف نفل ہوں گی، نہ سنتِ فائتہ۔“ (فتاوی رضویہ۔ ملتقطاً، جلد 8، صفحہ 147، 148، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا فرحان احمد عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: Web-2175

تاریخ اجراء: 23 رجب المرجب 1446ھ / 24 جنوری 2025ء