logo logo
AI Search

صلاۃ التسبیح پڑھنے کا طریقہ

صلاۃ التسبیح کی نماز پڑھنے کا طریقہ

مجیب: محمد عرفان مدنی عطاری
فتوی نمبر: WAT-1527
تاریخ اجراء: 05رمضان المبارک1444 ھ/27مارچ2023 ء

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

میرا سوال یہ تھا کہ صلاۃ التسبیح کیسے پڑھیں اور اس میں کتنی رکعات ہیں؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

صلاۃ التسبیح میں ایک سلام کے ساتھ چار رکعتیں ہیں۔ اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ:

اللہ اکبر کہہ کر سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ وَلَآ اِلٰـہَ غَیْرُکَ پڑھے پھر پندرہ بار یہ  تسبیح پڑھے سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرْ۔ پھر اَعُوْذُ  اور بِسْمِ اللہ اور اَلْحَمْد اور سورت پڑھ کر دس بار یہی تسبیح پڑھے۔ پھر رکوع کرے اور رکوع میں دس بار پڑھے، پھر رکوع سے سر اٹھائے اور بعد تسمیع و تحمید دس بار یہی تسبیح کہے، پھر سجدہ کو جائے اور اس میں دس بار کہے، پھر سجدہ سے سر اٹھا کر دس بار کہے، پھر سجدہ کو جائے اور اس ميں دس مرتبہ پڑھے۔ يوہيں چار رکعت پڑھے ہر رکعت میں 75 بار تسبیح اور چاروں میں تین سو ہوئیں اور رکوع و سجود میں سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِیْمِ، سبُحْاَنَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی کہنے کے بعد تسبیحات پڑھے۔

نوٹ: دوسری اورچوتھی رکعت میں ثناء نہیں پڑھنی۔ اور قراءت سے پہلے 15 بار یہ تسبیح پڑھنی ہے۔اوردوسری رکعت پر قعدہ کر کےمکمل التحیات، درود پاک اور دعا پڑھ کر تیسری کے لیے کھڑے ہونا ہے اور تیسری رکعت میں پہلی رکعت کی طرح ثناء پڑھنے کے بعد 15 بار یہ تسبیح پڑھ کر قراءت کرنی ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم