کیا جمعہ کا خطبہ اور امامت مختلف افراد کرواسکتے ہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
جمعہ کا خطبہ کوئی اور دے، امامت کوئی اور کروائے تو کیا حکم ہے؟
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ جو شخص جمعہ کا عربی خطبہ دے، کیا اُسی کا نمازِ جمعہ کی امامت کروانا ضروری ہے یا کسی دوسرے کو بھی امامت کروانے کی شرعاً اجازت ہے؟
جواب
جو شخص جمعہ کا عربی خطبہ دے، اُسی کے لیے جمعہ کی جماعت کروانا افضل ہے، البتہ اگر ایک شخص خطبہ دے اور دوسرا جماعت کروادے تو یہ بھی جائز ہے۔ ایک ہی شخص کا خطیب و امام ہونا افضل ہے، شرط نہیں، چنانچہ علامہ محمد بن محمد بزَّازی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ (وِصال: 827ھ / 1423ء) لکھتے ہیں:
نص فی کتب اصحابنا ان اتحاد الامام و الخطیب افضل و لکنہ لیس بشرط۔
ترجمہ: ہمارے فقہائے احناف کی کتب میں واضح لکھا گیا کہ جمعہ کے لیے امام و خطیب کا ایک ہونا افضل ہے، شرط نہیں۔ (الفتاوٰی البزازیہ، صفحہ 66، مطبوعہ دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
لہذا اگر ایک شخص خطبہ دے اور دوسرا جماعت کروا دے، تو یہ بھی جائز ہے، چنانچہ تنویر الابصار و درالمختار میں ہے:
(لا ينبغي أن يصلي غير الخطيب) لأنهما كشيء واحد (فإن فعل بأن خطب صبي بإذن السلطان و صلى بالغ جاز)۔
ترجمہ: یہ مناسب نہیں کہ خطیب کے علاوہ کوئی نمازِ جمعہ پڑھائے، کیونکہ خطبہ اور نماز ایک ہی چیز کی مانند ہیں۔ البتہ اگر کوئی ایسا کرلے، یعنی سمجھ دار بچہ سلطان کی اجازت سے خطبہ دیدے اور بالغ نماز پڑھادے، تو یہ بھی جائز ہے۔ (تنویر الابصار و در مختار مع رد المحتار، جلد 05، صفحہ 84، مطبوعہ دار الثقافۃ و التراث، دمشق)
مفتی محمد اجمل قادِری سَنبَھلی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ (وِصال: 1383ھ / 1963ء) سے سوال ہوا کہ خطیب نے خطبہِ جمعہ پڑھ کر دوسرے شخص کو امامت کے لیے آگے بڑھایا، لیکن وہ دوسرا شخص کہتا ہے کہ اگر نماز میں پڑھاؤں گا تو خطبہ دوبارہ پڑھوں گا۔ اِن دونوں افراد میں سے کس کی رائے درست ہے؟ آپ نے جواب دیا: امام اور خطبہ پڑھنے والے کا ایک ہونا ضروری نہیں۔۔۔ لہذا صورتِ مسئولہ میں دوبارہ خطبہ پڑھنے کی ضرورت نہیں، پہلا خطبہ کافی ہے۔ (فتاوٰی اجملیہ، جلد 02، صفحہ 280، مطبوعہ شبیر برادرز، لاھور)
و اللہ اعلم عزوجل و رسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم
مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری
فتویٰ نمبر: FSD-9133
تاریخ اجراء: 06 ربیع الثانی 1446ھ / 10 اکتوبر 2024ء