
مجیب:مفتی محمد قاسم عطاری
فتوی نمبر:FSD-9112
تاریخ اجراء:22 ربیع الاول 1446 ھ / 27 ستمبر 2024 ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیافرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں امام مسجد ہوں اور جہری نمازوں میں بالاستیعاب قرآن کریم کی تلاوت کر رہا ہوں، آج فجر کی نماز میں یہ معاملہ پیش آیا کہ میں نے پہلی رکعت میں آیت سجدہ تلاوت کی، پھر اسی وقت سجدہ تلاوت بھی کروا دیا، جب سجدہ سے اٹھا، تو دوبارہ اسی رکعت میں آیت سجدہ سے تلاوت شروع کر دی، اس کا سجدہ نہیں کروایا اور ایسے ہی نماز مکمل کر دی، مجھے یہ پوچھنا ہے کہ کیا مجھ پر دوبارہ سجدہِ تلاوت کی ادائیگی لازم تھی یا نہیں؟ رہنمائی فرما دیں۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
اگر کوئی شخص نماز میں آیت سجدہ تلاوت کرنے اور سجدہ تلاوت کی ادائیگی کے بعد اسی آیت ِسجدہ کو دوبارہ پڑھے، تو اس تکرار کی وجہ سے دوبارہ سجدہ تلاوت کرنا، لازم نہیں، بلکہ ایک سجدہ ہی کافی ہوتا ہے، کیونکہ اس صورت میں حکمی طور پر ایک ہی مجلس میں آیت سجدہ کا تکرار ہوا ہے، لہذا پوچھی گئی صورت میں پہلے والا سجدہ تلاوت کرنے سے ہی وجوب ساقط ہو گیا، دوبارہ سجدہ ِتلاوت کی ادائیگی لازم نہیں۔
نماز میں آیتِ سجدہ کا تکرار کرنے پر ایک ہی سجدہ کافی ہے ہر آیت کے بدلے الگ سے سجدہ کرنا لازم نہیں، جیساکہ فتاویٰ عالم گیری میں ہے: ”ولو تلاها في ركعة فسجدها ثم أعادها في تلك الركعة لاتجب ثانيا كذا في محيط السرخسي“ ترجمہ: اگر کسی نے ایک رکعت میں آیت سجدہ تلاوت کی اور سجدہ بھی کر لیا ، پھر اسی رکعت میں دوبارہ آیت سجدہ کو پڑھا، تو دوبارہ سجدہ تلاوت لازم نہیں ہوگا، جیساکہ محیط سرخسی میں ہے۔(الفتاوی الھندیۃ، جلد 1، صفحہ 135، مطبوعہ کوئٹہ)
اس مسئلہ کی علت بدائع الصنائع میں یوں بیان کی گئی ہے: ”إذا كرر التلاوة في ركعة واحدة؛ لأن هناك أمكن جعل التلاوة المتكررة متحدة حكما“ ترجمہ: جب ایک ہی رکعت میں آیت سجدہ کی تکرار ہو، (تو ایک ہی سجدہ کرنا ہوگا )،کیونکہ یہاں آیت سجدہ کی تلاوت کا تکرار حکمی طور پر ایک ہی مجلس میں ہے۔(بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع، جلد 1، صفحہ 183، مطبوعہ دار الكتب العلمية، بیروت)
بہار شریعت میں ہے :”ایک رکعت میں بار بار وہی آیت پڑھی تو ایک ہی سجدہ کافی ہے، خواہ چند بار پڑھ کر سجدہ کیا یا ایک بار پڑھ کر سجدہ کیا پھر دوبارہ سہ بارہ آیت پڑھی۔(بھارِ شریعت، جلد 1، صفحہ 737، مطبوعہ مکتبۃ المدینۃ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم