کیا پانچ وقت کی نماز میں زائد تکبیریں ہوتی ہیں؟

 

پانچ وقت کی نماز میں زائد تکبیروں کا مسئلہ

مجیب:مولانا محمد حسان عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3703

تاریخ اجراء:05رمضان المبارک 1446ھ/06مارچ2025ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں     کہ    یہ جو زائد تکبیریں ہوتی ہیں  یہ نماز عید کے علاوہ  دوسری پنجگانہ نمازوں میں  ہوتی ہیں  یا نہیں ؟ اس حوالے   سے کوئی حدیث وغیرہ ہو تو بتادیں ۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نماز کا  معاملہ  توقیفی ہے  ،   حضور سید عالم  صلی اللہ علیہ  وسلم  نے جو  نماز جس انداز میں  ادا فرمائی  ، اسے  اسی  طریقے کے مطابق  پڑھنا  ضروری ہے اور چونکہ تکبیرات  زوائد کا حکم احادیث کریمہ کی روشنی میں نماز عید کے لئے ثابت ہے،اسی وجہ  سے  یہ زائد تکبیرات   ، خاص و عام   سب میں تکبیرات العید(یعنی عید  نماز کی تکبیرات)  کے نام سے مشہور ہیں  ، نماز پنجگانہ   میں یہ زائد  تکبیریں کہنا   کہیں ثابت نہیں  ،  یہی  وجہ ہے کہ  صحابہ کرام  کے دور مبارک  سے  لیکر  آج تک نماز پنجگانہ میں یہ تکبیریں  کسی نے نہیں  پڑھی   ہیں ۔

   صحیح ابن حبان میں ہے: ’’عن مالک  بن الحویرث   قال لنا رسول الله صلى الله عليه وسلم۔۔"صلوا كما رأيتموني أصلي ‘‘ ترجمہ :   مالک بن حویرث   فرماتے ہیں ، ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا  تم ویسے نماز ادا کرو جس طرح  مجھے نماز پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو ۔(صحیح ابن حبان ، جلد 4 ،صفحہ 541  ، مطبوعہ بیروت )

   اصول بیان کرتے ہوئے رد المحتار میں علامہ ابن عابدین شامی   علیہ الرحمہ ( متوفی 1252 ھ ) فرماتے ہیں: ’’ الأصل فيه التوقيف كما في فتح القدير: أي فما لم يوقف على دليل المشروعية لا يحل فعله بل يكره أي اتفاقا كما في منية المصلي أي من أئمتنا الثلاثة  ‘‘ ترجمہ :  اس (نماز ) میں  اصل  توقیف ہے جیسا کہ فتح القدیر میں ہے  یعنی  جب تک دلیلِ  شرعی  سے اس کے مشروع ہونے کا علم نہ ہوجائے اس فعل  کا کرنا جائز نہیں بلکہ مکروہ ہے   یعنی بالاتفاق  جیسا کہ منیۃ المصلی میں ہے  یعنی ہمارے تینوں ائمہ کرام سے منقول ہے  ۔( رد المحتار ، ج 2 ، ص 16، مطبوعہ  بیروت )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم