دوسری منزل پر جگہ ہونے کے باوجود تیسری منزل پر نماز پڑھنا

جماعت میں دوسرے فلور پر صف خالی ہو تے ہوئے تیسرے فلور پر نماز پڑھنے کا حکم

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

اگر جماعت سے نماز پڑھی جارہی ہے اور دوسرے فلور پر 1 یا 2 صفوں کی جگہ خالی ہے اس کو چھوڑ کر اگر تیسرے فلور پر نماز پڑھی تو کیا نماز ہوجائے گی؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

دوسرے فلور پر جگہ ہوتے ہوئے بلا ضرورت اس جگہ کو چھوڑ کر تیسرے فلور پر نماز پڑھنا مکروہ ہے، البتہ! نماز ہوجائے گی۔

در مختار میں ہے

لو صلى على رفوف المسجد إن وجد في صحنه مكانا كره كقيامہ في صف خلف صف فيه فرجة

ترجمہ: اگر صحن میں جگہ ہوتے ہوئے مسجد کی چھت پر نماز پڑھی تو یہ مکروہ ہے جیسے اگلی صف میں جگہ خالی ہوتے ہوئے پچھلی صف میں کھڑا ہونا مکروہ ہے۔

اس کے تحت رد المحتار میں ہے

لأن فيه تركا لإكمال الصفوف۔۔۔ هل الكراهة فيه تنزيهية أو تحريمية، و يرشد إلى الثاني قوله - صلى الله عليه و سلم - "و من قطعه قطعه الله"

ترجمہ: اس لیے کہ اس میں صفوں کو مکمل کرنے کا ترک پایا جارہا ہے ۔کیا اس میں کراہت تنزیہی ہے یا تحریمی؟ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے اس فرمان کہ "جو صف قطع کرے اللہ اسے قطع کرے" سے دوسرے یعنی کراہت تحریمی ہونے کی طرف رہنمائی ملتی ہے۔ (رد المحتار علی الدر المختار، جلد 1، صفحہ 570، دار الفکر، بیروت)

بہار شریعت میں ہے "صحن مسجد میں جگہ ہوتے ہوئے بالا خانہ پر اقتدا کرنا مکروہ ہے، يوہيں صف ميں جگہ ہوتے ہوئے صف کے پیچھے کھڑا ہونا ممنوع ہے۔" (بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ 3، صفحہ 587، مکتبۃ المدینۃ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: WAT-4069

تاریخ اجراء: 03 صفر المظفر 1447ھ/ 29 جولائی 2025ء