بیوی کی موجودگی میں اُسکی بھتیجی سے نکاح کا شرعی حکم

پھوپھی اور بھتیجی کو ایک نکاح میں جمع کرنا

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ اپنی زوجہ کی موجودگی میں اس کی بھتیجی سے نکاح کرنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

اپنی زوجہ کی موجودگی میں اس کی بھتیجی سے نکاح جائز نہیں، کیونکہ یہ پھوپھی اور بھتیجی کو نکاح میں جمع کرنا ہے جو کہ جائز نہیں ۔

بخاری شریف کی حدیث میں ہے:

نھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم أن تنکح المرأۃ علی عمتھا

ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے اس سے منع فرمایا کہ کسی عورت سے اس کی پھوپھی پر نکاح کیا جائے۔ (الصحیح البخاری صفحہ 940، مطبوعہ المکتبۃ العصریہ بیروت)

البحر الرائق میں ہے:

لایجمع الرجل بین امرأۃ و ابنۃ أخیھا

ترجمہ: مرد کا پھوپھی اور بھتیجی کو نکاح میں جمع کرنا جائز نہیں۔ (البحر الرائق جلد 3 صفحہ 168، مطبوعہ مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)

بدائع الصنائع میں ہے:

من تزوج عمۃ ثم بنت أخیھا لایجوز

ترجمہ: جس نے پھوپھی سے نکاح کرنے کے بعد اس کی بھتیجی سے نکاح کیا تو یہ جائز نہیں۔ (بدائع الصنائع جلد 2 صفحہ 539، مطبوعہ مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)

فتاویٰ رضویہ میں ہے: پھوپھی بھتیجی دونوں ایک شخص کے نکاح میں ہونا یہ حرام ہے مثلا بھتیجی نکاح میں ہے تو جب تک وہ نکاح میں رہے یا اگر اسے طلاق دے دے تو طلاق کی عدت جب تک نہ گزرے اس وقت تک اس کی پھوپھی سے نکاح حرام ہے۔ (فتاویٰ رضویہ جلد 11 صفحہ 294، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

بہار شریعت میں ہے: وہ دو عورتیں کہ ان میں جس ایک کو مرد فرض کریں، دوسری اس کے ليے حرام ہو، جیسے پھوپھی، بھتیجی کہ پھوپھی کو مرد فرض کرو تو چچا، بھتیجی کا رشتہ ہوا اور بھتیجی کو مرد فرض کرو تو پھوپی، بھتیجے کا رشتہ ہوا ایسی دوعورتوں کو نکاح میں جمع نہیں کر سکتا۔ (بہار شریعت جلد 1 صفحہ 27،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ ملخصا)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد حسان عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: Web-30

تاریخ اجراء: 01 جمادی الاولی 1442ھ / 17 دسمبر 2020ء