ایک سیزن میں دو بار اگنے والی فصل پر عشر کا حکم
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
ایک ہی سیزن میں دوبارہ اگنے والی فصل پر عشر
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کچھ سبزیاں کاٹنے کے بعد اسی سیزن میں دوبارہ اگ آتی ہیں، دوبارہ اگنے کو پنجابی میں (لو) کہتے ہیں جیسے پالک، دھنیا، میتھی وغیرہ تو کیا ان کا ایک دفعہ عشر ادا کرنا کافی ہوگا یا ہر دفعہ دوبارہ اگنے کے بعد عشر دینا ہوگا؟
جواب
دریافت کی گئی صورت میں ان سبزیوں کا عشر یا نصف عشر(جو لازم ہو) ہر دفعہ دینا ہوگا اس لیے کہ عشر زمین سے نکلنے والی پیداوار پر لازم ہوتا ہے لہذا جب بھی یہ پیداوار حاصل ہوگی اس پر عشر لازم ہوگا۔
سال میں ایک سے زیادہ بارحاصل ہونے والی فصل پرعشر کے بارے میں علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمۃ ارشاد فرماتے ہیں
”لو اخرجت الارض مرار اوجب في كل مرة لاطلاق النصوص عن قيد الحول و لان العشر في الخارج حقيقة فيتكرر بتكرره “
ترجمہ :اگر زمین سے بار بار فصل نکلی، توہر بار عشرواجب ہے، کیونکہ اس بارے میں نصوص سال کی قید سے مطلق ہیں اور حقیقتاً عشر نکلنے والی چیز پر ہوتا ہے، تو نکلنے والی چیز کے تکرار سے وجوب بھی متکرر ہوگا۔ (رد المحتار، کتاب الزکاۃ، باب العشر، جلد 2، صفحہ 326، الناشر: دار الفكر - بيروت)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-3735
تاریخ اجراء: 18 شوال المکرم 1446 ھ/17 اپریل 2025 ء