logo logo
AI Search

کیا ضرورت مند بہن کو زکوۃ دینا جائز ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

بہن کرائے کے گھر میں رہتی ہو، اس کے شوہر رکشہ چلاتے ہوں، تو ان کو زکوٰۃ دینام

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

میری بہن کرائے کے مکان میں رہتی ہے، اس کے دو بچے ہیں، ضرورت کا سارا سامان بھی گھر میں موجود ہے، اس کے شوہر کا آٹو رکشہ ہے، جس سے وہ کماتا ہے، ایسی صورت میں کیا میں اپنی بہن کو زکوۃ دے سکتی ہوں جبکہ وہ سیدہ نہیں ہے اور اگر زکوۃ دوں تو کیا بول کر دینا ضروری ہے کہ یہ زکوٰۃ ہے یا بغیر بتائے بھی دے سکتی ہوں؟

جواب

صرف کرائے کے گھر میں رہنے کی وجہ سے زکوۃ دینا جائز نہیں ہوتا بلکہ جسے زکوۃ دی جائے اس کا شرعی فقیر مستحق زکوۃ ہونا ضروری ہے لہذا آپ یہ دیکھ لیں کہ آپ کی بہن کے پاس حاجتِ اصلیہ سے زائد ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر رقم یا اتنی مالیت کاحاجت اصلیہ سے زائد کوئی سامان نہ ہو جس کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کو پہنچتی ہو اور نہ اتنی مالیت کا سونا، چاندی، مال تجارت وغیرہ ہو تو ان کو زکوۃ دی جاسکتی ہے جبکہ یہ سید یا ہاشمی گھرانے سے تعلق نہ رکھتی ہوں۔

اگر یہ مستحق زکوۃ ہیں تو یہ زکوۃ دیتے وقت یہ بتانا ضروری نہیں کہ یہ زکوۃ کی رقم  ہے بلکہ یہ رقم دیتے وقت دل میں زکوۃ کی نیت ہونا کافی ہے، اگرچہ تحفہ بول کر دیں تب بھی زکوۃ ادا ہوجائے گی۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا فرحان احمد عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-1592
تاریخ اجراء: 11 رمضان المبارک 1445 ھ/22 مارچ 2024 ء