رکی ہوئی تنخواہ یا اجرت پر زکوۃ فرض ہوگی؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
سیلری کی رقم لوگوں پر ادھار ہو تو زکوۃ کا کیا حکم ہے ؟
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہوں، ہم لوگوں کا کام کرتے ہیں، تو ہماری اجرت لوگوں کے پاس ادھار رہتی ہے، کچھ مل جاتی ہے اور کچھ کافی عرصہ تک نہیں ملتی، تو جو لوگوں کے پاس ادھار ہوگی، اس پر زکوۃ کا کیا حکم لگے گا؟
جواب
اجرت دینِ ضعیف ہے کہ یہ منفعت کا عوض ہے جیسا کہ مکان وغیرہ کا کرایہ اور دینِ ضعیف جب تک وصول نہ ہو جائے، اس کی وجہ سے آدمی صاحب نصاب نہیں بنتا، لہذا اجرت کے وصول ہونے سے پہلے اس کی زکوۃ بھی لازم نہیں ہوگی، بلکہ وصول ہونے کے بعد جب سال گزرے گا، تو اس کی زکوۃ لازم ہوگی، جبکہ اس کے پاس اس کی جنس سے کوئی دوسرا نصابِ زکوۃ موجود نہ ہو، البتہ اگر پہلے سے اس کی جنس سے کوئی نصاب موجود ہے، تو یہ وصول ہوتے ہی اس میں ایڈ کر دیا جائے گا اور اس پہلے نصاب کا جب سال پورا ہوگا، تو اس رقم پر بھی زکوۃ فرض ہو جائے گی۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: محمد عرفان مدنی عطاری
فتویٰ نمبر: WAT-1593
تاریخ اجراء:08 شوال المکرم1444 ھ/29 اپریل2023 ء