اسکول کی تعمیر کے لئے زکوٰۃ دینا
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اسکول کی تعمیر کے لئے زکوٰۃ دینا
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا اسکول میں زکوۃ دے سکتے ہیں جب گورنمنٹ مدد نہ کرے اور عمارت کی حالت بہت خراب ہو؟
جواب
زکوۃ کی ادائیگی کے لئے زکوۃ کی رقم کا مستحق زکوٰۃ (فقیر یا مسکین وغیرہ) کو مالک بنانا ضروری ہے، جبکہ اسکول کی تعمیر میں دینے سے مستحق زکوۃ کو مالک بنانا نہیں پایا جاتا لہذا اسکول میں زکوۃ دینا جائز نہیں اور نہ ہی اسکول میں زکوۃ دینے سے زکوۃ ادا ہوگی۔ اسکول کی تعمیر میں زکوۃ و صدقہ واجبہ کی رقم کے علاوہ دوسری رقم خرچ کی جائے۔
اللہ عزوجل قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے: (اِنَّمَا الصَّدَقٰتُ لِلْفُقَرَآءِ وَ الْمَسٰكِیْنِ) ترجمہ کنز الایمان: زکوٰۃ تو انہیں لوگوں کے لیے ہے محتاج اور نرے نادار۔ (القرآن، پارہ 10، سورۃ التوبۃ، آیت 60)
زکوۃ کی وضاحت کرتے ہوئے تنویر الابصار میں فرمایا:
”ھی تملیک جزء مال عینہ الشارع من مسلم فقیر غیر ھاشمی ولا مولاہ مع قطع المنفعۃ عن الملک من کل وجہ للہ تعالیٰ‘‘
ترجمہ: زکوۃ کا مطلب ہے اللہ عزوجل کی رضا کے لئے شارع کی طرف سے مقرر کردہ مال کے ایک جزء کا مسلمان فقیر کو مالک کردینا اور اپنا نفع اس سے بالکل جدا کرلیا جائے، جبکہ وہ فقیر نہ ہاشمی ہو اور نہ ہی ہاشمی کا آزاد کردہ غلام۔ (تنویر الابصار مع در مختار و رد المحتار، جلد 3، صفحہ 203 تا 206 ملتقطا، مطبوعہ کوئٹہ)
سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فتاویٰ رضویہ میں فرماتے ہیں: ”زکوٰۃ کا رکن تملیکِ فقیر (یعنی فقیر کو مالک بنانا) ہے۔ جس کام میں فقیر کی تملیک نہ ہو، کیسا ہی کارِ حَسن ہو جیسے تعمیرِ مسجد یا تکفینِ میت یا تنخواہِ مدرسانِ علمِ دین، اس سے زکوٰۃ نہیں ادا ہوسکتی۔“ (فتاویٰ رضویہ، جلد 10، صفحہ 269، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
مفتی جلال الدین امجدی رحمۃ اللہ علیہ فتاوی فقیہ ملت میں ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں: "زکوۃ و فطرہ اور دیگر صدقات واجبہ کے اصل مستحقین فقراء و مساکین ہیں جن کا ذکر قرآن پاک کی اس آیت میں ہے (اِنَّمَا الصَّدَقٰتُ لِلْفُقَرَآءِ وَ الْمَسٰكِیْنِ )۔۔۔لہذا اسکول مذکور میں زکوۃ و صدقہ واجبہ کی رقم صرف کرنا ہرگز جائز نہیں، لوگوں کو چاہئے کہ ڈھائی فیصد جو غربا ء و مساکین کا حق ہے اسے ان لوگوں تک پہنچنے دیں اور ساڑھے ستانوے فیصدجو زکوۃ دینے والوں کے پاس بچتا ہے اس طرح کے کام اسی سے کریں۔" (فتاوی فقیہ ملت، جلد 1،صفحہ 310،شبیر برادرز، لاہور)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: ابو حفص مولانا محمد عرفان عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-3616
تاریخ اجراء: 30 شعبان المعظم 1446ھ/ 01 مارچ 2025ء