انبیاء کرام علیھم السلام سے وصال ظاہری کے بعد معجزات کا ظہور

انبیاء کرام علیھم الصلاۃ و السلام سے وصالِ ظاہری کے بعد بھی معجزات کا ظہور

دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

انبیاء کرام علیھم الصلاۃ و السلام كے بارےمیں یہ بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی اپنی قبروں میں حیات ہیں اور نماز پڑھتے اور رزق دئے جاتے ہیں، ان پر ایک آن كے لیے وعدہ الٰہی پورا کرنے کے لیے موت طاری ہوئی، پِھر دوبارہ زندہ کر دئے گئے، اس میں سوال یہ ہے كہ کیا اب انبیاء کرام علیھم الصلاۃ و السلام معجزہ دکھا سکتے ہے ؟

جواب

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَايَةَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ

جی ہاں! انبیاء کرام علیھم الصلاۃ و السلام سے ظاہری وصال کے بعد بھی معجزات صادر ہوتے ہیں، جس کی کئی مثالیں احادیثِ طیبہ میں موجود ہیں، جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و الہ و سلم کو جب قبرِ انور میں اتارا جارہا تھا، تو اُس وقت آپ علیہ الصلاۃ و السلام کے لب ہائے مبارک جنبش فرمارہے تھے، جب قریب ہوکر سنا گیا، تو حضور علیہ الصلاۃ و السلام یہ دعا کر رہے تھے:

رَبِّ اُمَّتِی اُمَّتِی

(یعنی ربِّ کریم! میری اُمّت میری اُمّت) ۔

چنانچہ وصالِ ظاہری کے بعد بھی انبیاء سے معجزات کے صدور کے متعلق خصائص الکبری و دلائل النبوۃ للاصبہانی میں ہے

(و اللفظ للآخر) يوجد من المعجزات بعد موت الأنبياء

ترجمہ: انبیاء علیہم الصلاۃ و السلام کی ظاہری وفات کے بعد بھی معجزات پائے جاتے ہیں۔ (دلائل النبوۃ للاصبہانی،جلد01صفحہ 94 ، الناشر: دار طيبة - الرياض)

ظاہری وصال کے بعد حضور علیہ الصلوۃ و السلام کے کلام فرمانے کے متعلق ”مدارج النبوۃ“ میں ہے: ”حضرتِ قُثَم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ آخری شخص تھے، جو آپ علیہ السلام کی قبرِ انور سے باہر آئے، انہوں نے فرمایا: آخری شخص جس نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کا روئے انور قبرِ اطہر میں دیکھا، میں تھا۔ میں نے قبر میں دیکھا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و الہ و سلم اپنے لب ہائے مبارک کو جنبش فرمارہے تھے، میں نے کانوں کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے دہن مبارک کے قریب کیا، میں نے سنا کہ آپ فرماتے تھے”رب امتی امتی۔“ (مدارج النبوۃ (مترجم)، جلد 2، صفحہ 659، مطبوعہ خزینہ علم و ادب)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا عبد الرب شاکر عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: WAT-2841

تاریخ اجراء: 27 ذو الحجۃ الحرام 1445ھ / 04 جولائی 2024ء