مجیب:مولانا سید مسعود علی عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1861
تاریخ اجراء:17صفر المظفر1446ھ/23اگست2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا ہمارے دین اسلام میں چڑیل کی بھی کوئی حقیقت ہے؟ جیسے کوئی انسان کسی سنسان سڑک سے گزر رہا ہو، تو اس سڑک پر ہلکا سا شور ہو جس سے اس طرح کی چیزوں کا احساس ہو، تو یہ سب کیا ہوتا ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جنات کی مؤنث کو چڑیل کہا جاتا ہے اور جنات بھی ایک مخلوق ہے، اس کے وجود کا انکار کفر ہے، البتہ سڑک پر اندھیرے میں اگر کسی آواز کا احساس ہو تو لازمی نہیں کہ وہ چڑیل یا کوئی جن ہی ہو، مختلف طرح کے جانور وں کی حرکت سے بھی آواز پیدا ہوتی ہے، بعض دفعہ ہوا سے کچھ چیزوں کے ہلنے کی آواز آتی ہے لہٰذا خوامخواہ اس کو چڑیل وغیرہ کی آواز نہ سمجھا جائے، اس پر توجہ دیئے بغیر وہاں سے گزر جائیں۔
بہار شریعت میں ہے:”ان(جِنّات )کے وُجود کا اِنکار یا بَدی کی قوت کا نام جِنّ یا شیطان رکھنا کُفر ہے۔“(بھارِ شریعت، جلد1، صفحہ97، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
فتاویٰ رضویہ میں سوال ہوا:”آسیب، چڑیل وغیرہ شہید وغیرہ جو مشہور ہیں صحیح ہے یاغلط؟
اس کا جواب دیتے ہوئے امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرمایا:”ہاں جن اور ناپاک روحیں مرد وعورت احادیث سے ثابت ہیں اور وہ اکثر ناپاک موقعوں پر ہوتی ہیں، انھیں سے پناہ کے لئے پاخانہ جانے سے پہلے یہ دعا وار د ہوئی:اعوذباﷲ من الخبث والخبائث۔ وہ سخت جھوٹے کذاب ہوتے ہیں اپنا نام کبھی شہید بتاتے ہیں او ر کبھی کچھ، اس وجہ سے جاہلانِ بے خرد میں شہیدوں کا سر پر آنا مشہور ہوگیا ورنہ شہداء کرام ایسی خبیث حرکات سے منزہ ومبرا ہیں۔“(فتاوی رضویہ، جلد21، صفحہ218، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
یزید اورابوطالب کے بارےمیں اہلسنت کے کیا عقائدہیں؟
اللہ تعالی کے ناموں میں سے ایک نام نوربھی ہے اس کے کیا معنی ہیں؟
دنیا میں جاگتی آنکھوں سے دیدارالہی ممکن ہے یانہیں؟
کیا اللہ عزوجل کو خدا کہہ سکتے ہیں؟
کیا شوہر کو مجازی خدا کہہ سکتے ہیں؟
کیا دُعا سے تقدیر بدل جاتی ہے؟
پیرپہ ایسااعتقادہو کہ پیرکافرہوتومریدبھی کافرہوجائے کہنا کیسا؟
ذات باری تعالی کےلیے چوہدری کا لفظ استعمال کرنا کیسا؟