کیا قرآن پاک کو دوسری آسمانی کتابوں سے افضل سمجھنا کفر ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

قرآن پاک کو دوسری آسمانی کتابوں سے افضل سمجھنا کیسا؟

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا قرآن پاک کو دوسری آسمانی کتابوں سے افضل سمجھنا کفر ہے؟

جواب

قرآن کریم کو دیگر کتابوں سے افضل سمجھنا کفر نہیں، البتہ یہ ذہن میں رکھیں کہ قرآن کریم کو افضل اس اعتبار سے کہا جاتا ہے کہ اس کے پڑھنے میں ہمیں ثواب زیادہ ملتا ہے، ورنہ جو بھی کلامِ الٰہی ہے، کلامِ الہی ہونے کی حیثیت سے وہاں افضلیت کا تعلق نہیں۔

صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجدعلی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: بہت سے نبیوں پر اللہ تعالیٰ نے صحیفے اور آسمانی کتابیں اُتاریں، اُن میں سے چار کتابیں بہت مشہور ہیں: تورات حضرت موسیٰ علیہ السلام پر، زبور حضرت داؤد علیہ السلام پر،اِنجیل حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر، قرآنِ عظیم کہ سب سے افضل کتاب ہے، سب سے افضل رسول حضور پُر نور احمدِ مجتبیٰ محمدِ مصطفےٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم پر۔ کلامِ الٰہی میں بعض کا بعض سے افضل ہونا اس کے یہ معنی ہیں کہ ہمارے لیے اس میں ثواب زائد ہے، ورنہ اللہ (عزوجل) ایک، اُس کا کلام ایک، اُس میں افضل و مفضول کی گنجائش نہیں۔ (بہارِ شریعت، جلد 1، صفحہ 29، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا فرحان احمد عطاری مدنی

فتویٰ نمبر: Web-2311

تاریخ اجراء: 04 محرم الحرام 1447ھ / 30 جون 2025ء