logo logo
AI Search

حضرت لقمان نبی ہیں یا ولی؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت لقمان حکیم رحمۃ اللہ علیہ نبی تھے یا ولی؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

حضرت لقمان حکیم رحمۃ اللہ علیہ نبی ہیں یا ولی ؟

جواب

حضرت لقمان حکیم رضی اللہ عنہ کی نبوت کے بارے میں اختلاف ہے؛ اکثر علماء اس طرف ہیں کہ آپ رضی اللہ عنہ نبی نہ تھے بلکہ حکیم تھے، جنہیں اللہ تبارک وتعالی کی طرف سے حکمت عطا کی گئی۔

چنانچہ اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے ﴿وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا لُقْمٰنَ الْحِكْمَةَ اَنِ اشْكُرْ لِلّٰهِ﴾ ترجمہ کنز الایمان: اور بےشک ہم نے لقمان کو حکمت عطا فرمائی کہ اللہ کا شکر کر۔ (پارہ 21، سورۃ لقمٰن، آیت 12)

مذکورہ آیت کریمہ کے تحت تفسیر نسفی میں ہے ’’وقال عكرمة والشعبي كان نبيا والجمهور على أنه كان حكيما ولم يكن نبيا‘‘ ترجمہ: حضرت عکرمہ اور امام شعبی علیہما الرحمہ نے فرمایا کہ حضرت لقمان نبی تھے جبکہ جمہور علماء اس بات کے قائل ہیں کہ آپ رضی اللہ عنہ نبی نہ تھے بلکہ حکیم تھے۔ (تفسیر نسفی، جلد 2، صفحہ 713، دار الكلم الطيب، بيروت)

تفسیر خزائن العرفان میں ہے "آپ کی نبوّت میں اختلاف ہے اکثر عُلَماء اسی طرف ہیں کہ آپ حکیم تھے نبی نہ تھے۔" (تفسیر خزائن العرفان، سورۃ لقمٰن، تحت الآیۃ: 12)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

مجیب: مفتی محمد حسان عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-5169
تاریخ اجراء: 14 محرم الحرام 1448ھ/30 جون 2026ء