
دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
بعض لوگ کہتے ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم کی 11 ازواج مطہرات ہیں اور ایک شادی آپ علیہ الصلوۃ و السلام کی جنت میں حضرت آسیہ رضی اللہ عنھا کے ساتھ ہوگی، کیا یہ بات درست ہے؟ جواب ارشاد فرما دیں۔
جواب
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
دنیا میں حضور صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم کی 11 ازواج مطہرات ہونے پرکسی کااختلاف نہیں۔ اور دنیاوی عورتوں میں سے تین مزید عورتیں جنت میں حضور صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم کی زوجیت سے مشرف ہوں گی: (الف)حضرت مریم، (ب) حضرت آسیہ، (ج) اور حضرت موسی علی نبیناو علیہ الصلوۃ و السلام کی بہن، جن کانام کلثم یاکلثوم یاحکیمہ یاکلیمہ ہے۔ رضی اللہ تعالی عنہن۔
شیخ الحدیث علامہ عبد المصطفی ٰ اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "ازواجِ مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہن کی تعداد اور ان کے نکاحوں کی ترتیب کے بارے میں مؤرخین کا قدرے اختلاف ہے مگر گیارہ اُمہات المؤمنین رضی اللہ تعالیٰ عنہن کے بارے میں کسی کا بھی اختلاف نہیں۔" (سیرتِ مصطفیٰ، صفحہ 651، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ، کراچی)
حضرت علامہ مفتی عبدالرحیم رحمۃ اللہ علیہ تفسیر ابن کثیر، تفسیر در منثور، تفسیر خازن، تفسیر قرطبی وغیرہ کے حوالے سے لکھتے ہیں ”حضرت آسیہ و حضرت مریم اور حضرت کلثم(کلثوم / حکیمہ / کلیمہ خواہر حضرت موسی علیہ السلام) جنت میں حضور اکرم رحمت عالم فخر آدم و بنی آدم صلی اللہ علیہ و سلم کی زوجیت سے مشرف و سرفراز ہونگی۔" (فتاوی بریلی شریف، ص 222، شبیر برادرز، لاہور)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد آصف عطاری مدنی
فتوی نمبر: WAT-3797
تاریخ اجراء: 09 ذو القعدۃ الحرام 1446 ھ/ 07 مئی 2025 ء