
دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
اَللّٰهُمَّ بَاعِدْ بَيْنِیْ وَ بَيْنَ خَطَايَایَ، كَمَا بَاعَدْتَّ بَيْنَ الْمَشْرِقِ وَ الْمَغْرِبِ، اَللّٰهُمَّ نَقِّنِیْ مِنَ الْخَطَايَا كَمَا يُنَقَّى الثَّوْبُ الْاَبْيَضُ مِنَ الدَّنَسِ، اَللّٰهُمَّ اغْسِلْ خَطَايَایَ بِالْمَاءِ وَ الثَّلْجِ وَ الْبَرَدِ
اے اللہ! میرے اور میرے گناہوں کے درمیان (ایسی) دوری پیدا فرما دے جیسی دوری تو نے مشرق اور مغرب کے درمیان فرمائی ہے۔ اے اللہ! مجھے گناہوں سے پاک صاف فرما دے جس طرح کہ سفید کپڑا مَیل سے پاک صاف کیا جاتا ہے۔اے اللہ! میرے گناہوں کو پانی، برف اور اولوں سے دھو دے ۔
صحيح مسلم کی حدیث مبارک میں ہے:
عن أبي هريرة، قال:كان رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم، إذا كبر في الصلاة، سكت هنية قبل أن يقرأ. فقلت: يا رسول اللہ! بأبي أنت و أمي! أرأيت سكوتك بين التكبير و القراءة، ما تقول؟ قال: أقول:اَللّٰهُمَّ بَاعِدْ بَيْنِیْ وَ بَيْنَ خَطَايَایَ، كَمَا بَاعَدْتَّ بَيْنَ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ، اَللّٰهُمَّ نَقِّنِیْ مِنَ الْخَطَايَا كَمَا يُنَقَّى الثَّوْبُ الْاَبْيَضُ مِنَ الدَّنَسِ، اَللّٰهُمَّ اغْسِلْ خَطَايَایَ بِالْمَاءِ وَ الثَّلْجِ وَ الْبَرَدِ
ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم جب نماز کے لیے تکبیر (تحریمہ) کہتے تو قراءت شروع کرنے سے پہلے تھوڑی دیر خاموش رہتے۔ تو میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں! آپ تکبیر اور قراءت کے درمیان جو یہ خاموشی اختیار فرماتے ہیں، اس میں کیا پڑھتے ہیں؟ آپ صلی اللہ تعالی علیہ و سلم نے فرمایا: میں یہ (اوپر ذکر کردہ دعا ) پڑھتا ہوں۔ (صحیح مسلم، جلد 1، صفحہ 419، رقم الحدیث: 598، مطبوعہ دار احیاء التراث العربی)
نوٹ: خیال رہے کہ ان جیسی تما م دعاؤں میں ہم گنہگاروں کو تعلیم دینا مقصود ہے، ورنہ حضورصلی اللہ علیہ و سلم ہر طرح طیب و طاہر تھے،ہیں اور رہیں گے، حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی شان تو بہت بلند و بالا ہے۔ جس پر حضور کی نگاہ کرم ہوجائے وہ پاک ہوجائے۔ (مرآۃ المناجیح ،جلد 2،صفحہ 41، نعیمی کتب خانہ گجرات)
تنبیہ: اوپر ذکر کردہ دعا صرف نفل نماز میں تکبیر تحریمہ کے بعد پڑھی جائے گی جیساکہ بہار شریعت میں ہے: ”تحریمہ کے بعد فوراً ثنا پڑھے۔۔۔ اور دیگر اذکار جو احادیث میں وارد ہیں وہ سب نفل کے لئے ہیں۔ (بہار شریعت، حصہ 3، صفحہ 523، مکتبۃ المدینہ، کراچی)