مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-2412
تاریخ اجراء: 17رجب المرجب1445 ھ/29جنوری2024 ء
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
ہر اسلامی مہینے کی 11،12،13 تاریخ کا روزہ رکھنا کیسا ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
ایامِ بیض (چاند کی 13، 14 اور 15 تاریخ) کے روزے رکھنا مستحب عمل ہے، حدیث مبارکہ میں اس کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ توکوشش کرکے ان دنو ں میں روزے رکھے جائیں اوراگرکوئی ان دنوں کے علاوہ روزے رکھے اورکوئی دوسری ممانعت نہ ہو تو اس میں بھی حرج نہیں۔
سنن ابوداؤد شریف میں ہے:
قال:كَانَ رَسُولُ اللہِ صَلَّى اللہُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَأْمُرُنَا أَنْ نَصُومَ الْبِيضَ ثَلَاثَ عَشْرَةَ، وَأَرْبَعَ عَشْرَةَ، وَخَمْسَ عَشْرَةَ، وَقَالَ: هُنَّ كَهَيْئَةِ الدَّهْر
یعنی راوی فرماتے ہیں: ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایامِ بیض یعنی تیرہ چودہ اور پندرہ تاریخ کے روزے رکھنے کا حکم دیا کرتے تھے اور فرماتے کہ یہ پوری زندگی کے روزوں کی طرح ہیں۔ (سنن ابی داؤ د، کتاب الصوم، رقم2449، جلد 2، صفحہ 482، بیروت )
سنن نسائی میں ہے:
عن أبي ذر، قال: أمرنا رسول الله صلى الله عليه وسلم أن نصوم من الشهر ثلاثة أيام البيض: ثلاث عشرة، وأربع عشرة، وخمس عشرة
ترجمہ: حضرت ابو ذر رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم ہمیں ایام بیض کے تین روزے رکھنے کا حکم دیا کرتے، تیرہ، چودہ اور پندرہ تاریخ کو۔ (سنن النسائی،ج 4،ص 222، مكتب المطبوعات الإسلامية ، حلب)
فتح القدیرمیں ہے:
ويستحب صوم أيام البيض الثالث عشر، والرابع عشر والخامس عشر
ترجمہ: ایام بیض یعنی تیرہ ،چودہ اور پندرہ تاریخ کو روزہ رکھنا مستحب ہے۔ (فتح القدیر،ج 2،ص 50،دار الفکر،بیروت)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم