
مجیب:ابو الحسن رضا محمدعطاری مدنی
مصدق:مفتی ابو محمد علی اصغر عطاری مدنی
فتوی نمبر:Nor-13303
تاریخ اجراء:05رمضان المبارک1445 ھ/16مارچ2024 ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک بالغہ لڑکی کانکاح ہوگیا ہے،لیکن ابھی رخصتی نہیں ہوئی۔پوچھنا یہ ہے کہ اس کا فطرہ ادا کرناشرعاً کس پر لازم ہےشوہرپریاوالدپر؟جبکہ لڑکی ابھی والد کی زیرِ کفالت ہے۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جواب سے قبل یہ حکم ذہن نشین کر لیجئے کہ مسلمان مرد صاحبِ نصاب پر اپنااور اپنے نابالغ بچوں کا صدقہ فطر اداکرنا واجب ہوتا ہے ،بشرطیکہ وہ نابالغ بچےخودصاحبِ نصاب نہ ہوں ، ورنہ ان کے صدقہ فطر کی ادائیگی ان کے مال سے کی جائے گی۔اپنی بالغ اولاد(لڑکا ہو یا لڑکی) کےصدقہ فطرکی ادائیگی والد پر لازم نہیں،اگرچہ وہ اپنی زیرِکفالت ہوں،یوں ہی بیوی کے فطرےکی ادائیگی شوہرکے ذمےواجب نہیں۔
بیان کردہ تفصیل سےسوال کا جواب بھی واضح ہوگیا کہ سوال میں ذکرکردہ لڑکی کا فطرہ ادا کرنا نہ اس کے شوہر پر واجب ہے،نہ اس کے والدپر،ہاں اگر یہ لڑکی خود صاحبِ نصاب ہو تو اپنا صدقہ فطر خود ادا کرے گی۔
چونکہ تاحال بیٹی باپ کی کفالت میں ہے اور رخصتی نہیں ہوئی ہے، اس بنا پر باپ اگر بغیر اجازت کے بیٹی کا فطرہ نکالے تو ادا ہو جائے گا، لیکن پوچھی گئی صورت میں شوہر کو بیوی کی اجازت لینی ہوگی ۔
فتاویٰ عالمگیری میں ہے:”ولا يؤدی عن زوجته ولا عن اولاده الكبار وان كانوا فی عياله ولو أدى عنهم او عن زوجته بغير امرهم أجزأهم استحساناً“یعنی :شوہرکے ذمہ اپنی زوجہ کی طرف سےاوروالدکے ذمہ اپنی بالغ اولاد کی طرف سے صدقہ فطر ادا کرنا واجب نہیں، اگر چہ بالغ اولاد اپنےباپ کی زیرِ کفالت ہو۔ اگرباپ بالغ اولاد(لڑکےیالڑکی)کی طرف سےیاشوہربیوی کی طرف سے ان کی اجازت کے بغیر ہی صدقہ فطر ادا کردیتا ہے ،تو استحساناً ان کا صدقہ فطر ادا ہوجائے گا ۔ (الفتاوی الھندیہ، ج 01، ص 193،مطبوعہ پشاور)
اگرشوہر بیوی کی طرف سےیا والداپنی زیرِ کفالت بالغ اولاد کی طرف سے صدقہ فطر کی ادائیگی کرے تو کافی ہوگا،اگرچہ ان سے اجازت نہ لی ہو کہ یہاں دلالۃً اجازت ثابت ہے،جیساکہ محقّق علامہ محمد علاؤ الدین حصکفی حنفی رحمۃ اللہ علیہ(متوفی:1088ھ)فرماتے ہیں:”ولو ادی عنھما بلا اذنٍ اجزا استحساناً للاذن عادۃً ای لو فی عیالہ والا فلا“یعنی اگرباپ بالغ اولاد(لڑکے یالڑکی)کی طرف سےیاشوہربیوی کی طرف سے ان کی اجازت کے بغیر ہی صدقہ فطر ادا کردیتا ہے تو استحساناً کفایت کرے گا،کیونکہ یہاں عادۃً اجازت پائی جاتی ہے۔ بالغ اولاد کی طرف سےان کی اجازت کے بغیر صدقہ فطر کی ادائیگی اس وقت ہو سکے گی جبکہ وہ والد یا شوہر کی زیرِ کفالت ہوں ورنہ نہیں۔ (الدرّ المختارمعہ ردّ المحتار،ج3،ص370،مطبوعہ کوئٹہ)
شیخ الاسلام والمسلمین امام اہلسنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ(متوفی:1340ھ) سےاسی طرح کاایک سوال ہوا کہ” زید کی بیوی ہندہ جو مالکِ نصاب نہیں ہے مع اپنے ایک خوردسال بچّے کے ، اپنے باپ بکر کے یہاں یعنی میکے میں عیدالفطر کو قیام رکھتی ہے، تو اُس کا اور اس کے لڑکے کا صدقہ کس کو دینا چاہئے، آیا زید کو جو ہندہ کا شوہر ہے یا بکر کو جو ہندہ کا باپ ہے؟“
سیدی اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ اس کے جواب میں ارشادفرماتے ہیں:”خورد سال بچّے کا صدقہ فطر اُس کے باپ پر ہےاورعورت کا نہ باپ پر نہ شوہرپر، صاحبِ نصاب ہوتی تو اس کا صدقہ اسی پر ہوتا ہے۔“ (فتاوٰی رضویہ، ج10،ص295-296، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)
صدرالشریعہ حضرت مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ(متوفی:1367ھ)ارشاد فرماتے ہیں:”اپنی عورت اور اولاد عاقل بالغ کا فطرہ اُس کے ذمہ نہیں،اگرچہ اپاہج ہو، اگرچہ اس کے نفقات اس کے ذمہ ہوں۔عورت یا بالغ اولاد کا فطرہ ان کے بغیر اِذن ادا کر دیا، تو ادا ہوگیا، بشرطیکہ اولاد اس کے عیال میں ہو یعنی اس کا نفقہ وغیرہ اُس کے ذمہ ہو ۔“(بھار شریعت ،ج 1،حصہ5،ص 938، مکتبۃ المدینہ،کراچی)
مرد پر کس کس کی طرف سے صدقہ فطرکی ادائیگی واجب ہے؟اس کے متعلق ایک مقام پرآپ رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں:”مردمالکِ نصاب پر اپنی طرف سے اور اپنے چھوٹے بچہ کی طرف سے واجب ہے، جبکہ بچہ خود مالکِ نصاب نہ ہو، ورنہ اس کا صدقہ اسی کے مال سے ادا کیا جائےاور مجنون اولاد اگرچہ بالغ ہو جبکہ غنی نہ ہو، تو اُس کا صدقہ اُس کے باپ پر واجب ہے اور غنی ہو تو خود اس کے مال سے ادا کیا جائے، جنون خواہ اصلی ہو یعنی اسی حالت میں بالغ ہوا یا بعد کو عارض ہوا ، دونوں کاایک حکم ہے۔“ (ایضاً،ص936)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
اگر رَمضان کے روزے چھوٹ جائیں تو انہیں کسی بھی وقت رکھ سکتے ہیں
قضائے رمضان کے روزےکسی بھی موسم میں رکھ سکتےہیں؟
کیا تیس روزوں کا فدیہ ایک ساتھ ایک ہی فقیر کو دے سکتے ہیں؟
کن صورتوں میں روزہ توڑنے پر کفارہ لازم آتا ہے؟
کیا امتحانات کی وجہ سے طلبہ کا رمضان کےروزے قضا کرنا جائز ہے؟
سفر میں روزے کا حکم
سحری اور روزہ
کیا انجیکشن لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟