
مجیب:مولانا عبدالرب شاکر عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3446
تاریخ اجراء:10رجب المرجب1446ھ/11جنوری2025ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
عرض ہے اگر کوئی رات کا کھانا سحری کی نیت اور سنت ادا کرنے کی نیت سے کھائے تو اس کی سحری کی سنت ادا ہو جائے گی؟ رہنمائی فرما دیں۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
سحری کھانا بھی سنتِ مبارکہ ہے، اور سحری میں تاخیر کرنا بھی سنتِ مبارکہ ہے، رات کاکھانا سحری کی نیت سے کھالینے کی صورت میں سحری کی سنت تواداہوجائے گی لیکن تاخیر سے سحری کرنے کی سنت پر عمل نہیں ہوگا، جبکہ یہ سنت موکدہ ہے، لہٰذا سحری تاخیر سے کرنی چاہیےتاکہ دونوں سنتوں پر عمل ہوجائے۔
چنانچہ سحری میں تاخیر کرنے کے متعلق حدیثِ پاک میں ہے:”قال رسول الله صلی اللہ علیہ والہ وسلم: ثلاثة يحبها الله: تعجيل الفطر، وتأخير السحور، وضرب اليدين إحداهما على الأخرى في الصلاة“ ترجمہ:رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ تین چیزوں کو اللہ محبوب رکھتا ہے، افطار میں جلدی کرنا ،سحری میں تاخیر کرنا اور نماز میں دو ہاتھوں میں سے ایک ہاتھ دوسرے پر رکھنا۔(المعجم الاوسط للطبرانی ، جلد 7 ، صفحہ 269 ، مطبوعہ دارالحرمین ، القاھرۃ)
روزے کے لیے سحری اور سحری میں تاخیر کے سنت ہونے کے متعلق بدائع الصنائع میں ہے:”يسن للصائم السحور لما روي عن عمرو بن العاص عن النبي صلي الله عليه واله وسلم أنه قال: إن فصلا بين صيامنا وصيام أهل الكتاب أكلة السحور» ولأنه يستعان به على صيام النهار۔۔۔ والسنة فيها هو التأخير لأن معنى الاستعانة فيه أبلغ“ ترجمہ: روزہ دار کے لیے سحری کرنا سنت ہے، کیونکہ حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا:ہماے اور اہل کتاب کے روزوں کے درمیان فرق سحری کھانا ہے، نیز دوسری وجہ یہ کہ سحری کے ذریعے دن کے روزے پر مدد لی جائے گی اور سحری میں تاخیر کرنا بھی سنت ہے، کیونکہ تاخیر کی صورت میں(سحری کے ذریعے روزے پر) مدد لینے والا معنی زیادہ بہتر ہے۔(بدائع الصنائع، جلد2، صفحہ105، دارالکتب العلمیۃ، بیروت)
جلدی سحری کرلینے سے سنت ترک ہوجانے کے متعلق فتاوی رضویہ میں ہے:”اوقات سحری وافطار میں عوام جہال کی جنتریوں یاناواقف پڑھے لکھوں کی فہرستوں پر عمل کرتے اور بلاوجہ بزعم احتیاط دونوں جانب تعجیل سحور وتاخیر افطار سے ترک سنت مؤکدہ حضورپرنورسیدعالم صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم پرمصررہتے ہیں۔“(فتاوی رضویہ، جلد23، صفحہ633، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن، لاھور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم