فرض نماز کی دوسری رکعت میں سورت ملانا بھول جائیں تو کیا کریں؟
بسم اللہ الرحمن الرحیم
دوسری رکعت میں سورت ملانا بھول گیا اور قصداً تیسری اور چوتھی میں بھی نہیں ملائی، تو نماز کا حکم
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
فرض نماز کی دوسری رکعت میں سورت ملانا بھول گیا اور تیسری ، چوتھی رکعت میں یاد ہونے کے باوجود سورت نہیں ملائی اور آخر میں سجدۂ سہو کر لیا، تو کیا نمازدرست ہوجائے گی؟
جواب
جب فرض نماز کی دوسری رکعت میں سورت ملانا بھول گئے، اور جان بوجھ کر تیسری یا چوتھی رکعت میں بھی سورت نہ ملائی، تو سجدہ سہو سے نماز کی تلافی نہیں ہو گی، بلکہ ترک واجب کی وجہ سے نماز کا اعادہ کرے گا اور توبہ بھی کرنی لازم ہو گی کیونکہ اگر چار رکعتی فرض نماز کی پہلی دونوں میں سے کسی ایک رکعت میں سورت ملانا بھول جائے تو تیسری یا چوتھی کسی ایک رکعت میں سورہ فاتحہ کے ساتھ سورت ملانا واجب ہے اور نماز میں قصداً ترکِ واجب کی تلافی سجدہ سہو سے نہیں ہو سکتی اس کے لئے اب اس نماز کا اعادہ یعنی دوبارہ پڑھنا واجب ہوگا۔
فرض نماز کی پہلی دو رکعتوں میں سورت ملانا، چھوڑ دے، تو اس کے متعلق تنویر الابصارمیں ہے: ”لو ترک سورۃ اولیی العشاء قراھا وجوبا مع الفاتحۃ جھرا فی الاخریین“ ترجمہ:اگر عشاء کی پہلی دو رکعتوں میں سورت کو چھوڑ دیا، آخری دو رکعتوں میں سورت کو فاتحہ کے ساتھ، جہراً پڑھنا واجب ہے۔ (تنویر الابصار مع رد المحتار، جلد2، صفحہ 310،مطبوعہ کوئٹہ)
مذکورہ مسئلہ کی تفصیل بیان کرتے ہوئے حاشیۃ الطحطاوی علی الدر میں ہے: ”لو ترکھا فی رکعۃ واحدۃ فیاتی بھا فی احدی الاخیرتین“ ترجمہ: اگر کسی ایک رکعت میں سورت ملانے کو ترک کیا ، تو آخری دو رکعتوں میں سے کسی ایک رکعت میں سورت پڑھے۔(حاشیۃ الطحطاوی علی الدر المختار، جلد1، صفحہ234، مطبوعہ کوئٹہ)
بہار شریعت میں ہے: ”چار رکعتی فرض کی پہلی دونوں رکعتوں میں سورت بھول گیا تو پچھلی رکعتوں میں پڑھنا واجب ہے اور ایک میں بھول گیا ہے، تو تیسری یا چوتھی میں پڑھے اور مغرب کی پہلی دونوں میں بھول گیا تو تیسری میں پڑھے اور ایک رکعت کی قراء ت سورت جاتی رہی اور ان سب صورتوں میں فاتحہ کے ساتھ پڑھے، جہری نماز ہو تو فاتحہ و سورت جہراً پڑھے، ورنہ آہستہ اور سب صورتوں میں سجدۂ سہو کرے اور قصداً چھوڑی تو اعادہ کرے۔“(بہار شریعت،جلد1، حصہ 3، صفحہ 545، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا رضا محمد مدنی
فتویٰ نمبر: Web-2574
تاریخ اجرا: 06جمادی الاولٰی1447ھ / 29 اکتوبر 2025ء