فرض نماز کی تیسری رکعت میں ثنا پڑھنا
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
فرض نماز کی تیسری رکعت میں ثنا پڑھنے کا حکم
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرضوں کی تیسری رکعت میں ثنا پڑھنے سے سجدہ سہو واجب ہوگا؟
جواب
فرضوں کی تیسری رکعت کی ابتدا میں ثنا پڑھنے سے سجدہ سہو واجب نہ ہوگا، کیونکہ نمازی کو فرضوں کی آخری دو رکعتوں میں تسبیح پڑھنے یا قراءت کرنے یا خاموش رہنے کا اختیار ہوتا ہے، اور ثنا بھی تسبیح ہی ہے، البتہ! سورہ فاتحہ پڑھنا افضل ہے۔
امام اہل سنت، امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ جد الممتار میں لکھتے ہیں:
أقول: و قضية المسائل المذهبيّة أنّه إن تشهّد في قيام الأخريين من مكتوبة رباعيّة أو ثالثة المغرب لا سهو عليه مطلقاً؛ لأنّه مخيّر بين التسبيح و السكوت و القراءة، و هذا من التسبيح
ترجمہ: میں کہتا ہوں: مسائل مذہبیہ کا اصول یہ ہے کہ اگر نمازی نے چار رکعت والی فرض نماز کی آخری دو رکعتوں کے قیام میں یا مغرب کی تیسری رکعت کے قیام میں تشہد پڑھا تو مطلقا اس پر سجدہ سہو واجب نہ ہوگا، کیونکہ نمازی کو ان رکعات میں تسبیح، سکوت اور قراءت کا اختیار ہے، اور تشہد، تسبیح ہی ہے۔ (جد الممتار، جلد 3، صفحہ 527، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: نماز فرض کی تیسری اور چوتھی رکعت میں افضل سورۂ فاتحہ پڑھنا ہے اور سبحان اﷲ کہنا بھی جائز ہے اور بقدر تین تسبیح کے چپکا کھڑا رہا، تو بھی نماز ہو جائے گی، مگر سکوت نہ چاہیے۔ (بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ 3، صفحہ 531، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا عبد الرب شاکر عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4834
تاریخ اجراء: 21 رمضان المبارک 1447ھ / 11 مارچ 2026ء