امام کے بلا ضرورت سجدہ سہو کے بعد شامل ہونے والے کی نماز کا حکم

امام کے بلا ضرورت سجدہ سہو کے بعد شامل ہونے والے کی نماز کا حکم

مجیب:مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-3743

تاریخ اجراء:23شوال المکرم 1446ھ/22اپریل2025ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   امام نےبغیر ضرورت سجدہ سہو کیا تو اس بغیر ضرورت سجدہ سہو کےبعد جماعت میں شامل ہونے والے مقتدی کی اقتداء درست ہوگی؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سجدہ سہو واجب نہ ہونے کے باوجود بلا  ضرورت امام سجدہ سہو کرے تو  جومقتدی امام کےسجدہ سہوکے لیے سلام پھیرنے کے بعدجماعت میں شریک ہوئے ان کی نماز نہیں ہو گی ،اس لئے کہ جب سجدہ سہو واجب نہ تھاتو داہنی جانب سلام پھیرتے ہی امام نماز سے باہرہو گیا تو اس کےبعد شامل ہونے والے مقتدیوں کو امام کی نمازکے کسی جزء میں شرکت نہ ملی لہذاان کی اقتداء بھی درست نہ ہوئی ۔

   امامِ اہلسنت شاہ احمد رضا خان علیہ الرحمۃاسی طرح کے سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں :''امام و مقتدیانِ سابق کی نماز ہوگئی جو مقتدی اس سجدہ سہو میں جانے کے بعد ملے ان کی نماز نہیں ہوئی کہ جب واقع میں سہونہ تھا دہنا سلام کہ امام نے پھیرا ختمِ نماز کا موجب ہوا یہ سجدہ بلا سبب لغو تھا تو اس سے تحریمہ نماز کی طرف عودنہ ہوا اور مقتدیان مابعد کو کسی جزء امام میں شرکت امام نہ ملی لہذا ان کی نماز نہ ہوئی ۔۔۔ رد المحتار میں ہے: اذاسجدوقع لغوا فکانہ لم یسجد فلم یعد الی حرمۃ الصلٰوۃ'' (اس نے سجدہ کیا تو یہ لغو ہوگا گویا اس نے سجدہ سہو کیا ہی نہیں، لہذا وہ حرمت نماز کی طرف نہیں لوٹا۔)(فتاوی رضویہ ج8،ص185،رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)

   نوٹ:خیال رہے کہ !بے حاجت (یعنی  سجدہ سہو واجب ہوئے بغیر)سجدہ سہو  کرنانماز میں زیادتی اور ممنوع ہے مگرنمازہوجائے گی ، ہاں ! اگریہ امام تھاتوجومقتدی مسبوق تھا،وہ اگراس سجدہ سہومیں شریک ہواتواس کی نمازجاتی رہے گی ۔ فتاوی رضویہ میں ہے :"بے حاجت سجدہ سہو نماز میں زیادت اور ممنوع ہے مگر نماز ہوجائے گی ۔ہاں اگر یہ امام ہے تو جو مقتدی مسبوق تھا یعنی بعض رکعات اس نے نہیں پائی تھیں وُہ اگر اس سجدہ بے حاجت میں اسکا شریک ہو ا تو اس کی نماز جاتی رہے گی لانہ اقتدی فی محل الانفراد  (کیونکہ اس نے محل انفراد میں اقتدا کی ۔)"(فتاوی رضویہ، ج6،ص832،رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم