نماز جمعہ کا وقت کیا ہے؟
بسم اللہ الرحمن الرحیم
جمعہ کی نماز کا وقت
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
جمعہ کی نماز، نمازِ عصر سے پہلے کب تک پڑھ سکتے ہیں؟
جواب
نمازِ جمعہ کا وقت، وقتِ ظہر ہے، اور نمازِ عصر کا وقت شروع ہونے سے پہلے پہلے نمازِ جمعہ کا پورا ہونا ضروری ہے، ورنہ نمازِ جمعہ ادا نہیں ہو گی، لہذا اگرنمازِ جمعہ کے دوران عصر کا وقت شروع ہوگیا، اگرچہ تشہد کے بعد، تو جمعہ باطل ہوگیا، ظہر کی قضا پڑھیں۔
فتاوی عالمگیری میں ہے
”(ومنھا وقت الظھر) حتی لو خرج وقت الظھر فی خلال الصلاۃ تفسد الجمعۃ وان خرج بعدما قعد قدر التشھد“
ترجمہ: اور جمعہ کی شرائط میں سے ایک شرط ظہر کا وقت ہے، یہاں تک کہ اگر جمعہ کی نماز کے دوران ظہر کا وقت ختم ہو گیا، تو جمعہ فاسد ہو جائے گا اگرچہ قدرِ تشہد بیٹھنے کے بعد وقت خارج ہوا ہو۔ (فتاوی عالمگیری، جلد1، صفحہ146، مطبوعہ: کوئٹہ)
نمازِ جمعہ کے صحیح ہونے کی شرائط بیان کرتے ہوئے صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ تعالی علیہ تحریرفرماتے ہیں: ”جمعہ پڑھنے کے ليے چھ شرطیں ہیں کہ ان میں سے ایک شرط بھی مفقود ہو، تو ہو گا ہی نہیں۔۔۔ وقتِ ظہر: یعنی وقت ظہر میں نماز پوری ہو جائے تو اگر اثنائے نماز میں اگرچہ تشہد کے بعد عصر کا وقت آگیا، جمعہ باطل ہوگیا، ظہر کی قضا پڑھیں۔“ (بہار شریعت، جلد1، حصہ4، صفحہ 762۔766، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی
فتوی نمبر: WAT-4595
تاریخ اجراء: 09رجب المرجب1447ھ/30دسمبر2025ء