کیا مسجد کا نیچے والا حصہ بھی مسجد ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
عین مسجد کی کھدائی کرنے کے بعد جو حصہ نکلا، وہ بھی عین مسجد ہے
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
عین مسجد کو پانچ فٹ کھود کر گہرا کیا, تو نیچے جو حصہ نکلا، کیا وہ بھی عین مسجد ہوگا؟
جواب
جی! عین مسجد ہوگا، جبکہ مسجد کے نیچے مسجد قرار دینے سے پہلے مصالح مسجد کے لئے کوئی چیز نہ بنا لی گئی ہو؛ کیونکہ مسجد یت تام ہونے کے بعد اوپر یا نیچے کچھ اور بنانے کی گنجائش نہیں ہوتی، اگرچہ واقف کہے کہ میری پہلے سے نیت تھی، اور اس کی وجہ یہی ہے کہ اب عین مسجد قرار دینے کے بعد یہ جگہ تحت الثری سے لے کر آسمان کی بلندیوں تک عین مسجد ہوچکی ہے۔
مسجدیت تام ہونے کے بعد کوئی چیز بنانا منع ہے، جیساکہ در مختار میں ہے "أما لو تمت المسجدية ثم أراد البناء منع و لو قال عنيت ذلك" ترجمہ: بہرحال جب مسجدیت تام ہو جائے، پھر وہ کوئی عمارت بنانے کا ارداہ کرے تو اسے منع کیا جائے گا، اگرچہ وہ (واقف) کہے کہ میں نے پہلے ہی اس کی نیت کی تھی۔ (در مختار مع رد المحتار، جلد 6، صفحہ 549، مطبوعہ: کوئٹہ)
در مختار میں ہے "انہ مسجد الی عنان السمآء" ترجمہ: بے شک وہ آسمان کی بلندیوں تک مسجد ہے۔
اس کے تحت رد المحتار میں ہے "و کذا الی تحت الثری" ترجمہ: اسی طرح تحت الثری تک مسجد ہے۔ (در مختار مع رد المحتار، جلد 2، صفحہ 516، 517، مطبوعہ: کوئٹہ)
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4917
تاریخ اجراء: 21 شوال المکرم 1447ھ / 10 اپریل 2026ء