logo logo
AI Search

قعدہ اخیرہ میں دعا نہ پڑھنے سے نماز ہوجائیگی؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

قعدہ اخیرہ میں کوئی بھی دعا نہ پڑھی، تو نماز کا حکم

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

نماز کے آخری قعدے میں اگر کوئی بھی دعا نہ پڑھی، بلکہ التحیات کے بعد، فقط درود پاک پڑھ کر، سلام پھیردیا، تو نماز کا کیا حکم ہے؟

جواب

نماز کے آخری قعدے میں درود پاک کے بعد دعا کا پڑھنا مسنون ہے، لہذا درود پاک کے بعد دعا پڑھنی چاہئے، لیکن اگر کسی نے نہ پڑھی، تو نماز ہو جائے گی، اور سجدہ سہو بھی لازم نہیں ہوگا۔ در مختار میں ہےو سننها۔۔۔ الدعاءترجمہ: (قعدہ اخیرہ میں) دعا مانگنا نماز کی سنتوں میں سے ہے۔

اس کے تحت رد المحتار میں ہے

أي قبل السلام

ترجمہ: یعنی سلام سے پہلے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، ج 2، ص 207، 213، مطبوعہ: کوئٹہ)

بہارِ شریعت میں نماز کی سنتوں کو ذکر کرتے ہوئے فرمایا: درود کے بعد دعا پڑھنا۔ (بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ 3، صفحہ 534، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

سنت كے ترک سے بھی نماز ہوجاتی ہے، چنانچہ در مختار میں ہے

ترک السنۃ لا یوجب فسادا و لا سھوا

ترجمہ: سنت کا ترک نہ نماز کو فاسد کرتا ہے اور نہ ہی سجدہ سہو کو لازم کرتا ہے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، جلد 2، صفحہ 207، مطبوعہ: کوئٹہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا محمد فرحان افضل عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4843
تاریخ اجراء: 26 رمضان المبارک 1447ھ / 16 مارچ 2026ء