logo logo
AI Search

قضا اور واجب الاعادہ نماز کی نیت کا طریقہ

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

قضا نمازیں اور واجب الاعادہ نمازیں بھی ذمہ پر ہوں، تو نیت کا طریقہ کیا ہوگا؟

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

اگر کسی کے ذمہ قضا نمازیں بھی ہوں اور ایسی نمازیں بھی کہ جو ادا کی تھیں لیکن وہ کسی وجہ سے ادا ہی نہیں ہوئیں یا ان کو دوبارہ پڑھنا واجب ہے، تو اب یہ تمام نمازیں ادا کرتے ہوئے کس طرح نیت کریں ؟

جواب

جو نمازیں قضا ہوئی ہیں یعنی (معاذ اللہ) اپنے وقت میں ادا  نہیں کی ہیں، یا اپنے طور پر ادا  کی تھیں  مگر یقینی طور پر معلوم ہے کہ ان میں کوئی فرض رہ گیا تھا یا نماز کے شرائط میں سے کوئی شرط موجود نہ تھی تو ایسی نمازوں  کو بعد میں پڑھتے ہوئے قضا نماز کی نیت کریں گے۔

جو نمازیں واجب الاعادہ ہوئی ہیں (مثلاً کوئی واجب بھول کر ترک ہوگیا اور سجدہ سہو نہ کیا، یا قصداً ترکِ واجب، مکروہِ تحریمی کا ارتکاب کیا تھا) تو یہ نمازیں اس نیت سے ادا کریں گے کہ کمی کا ازالہ کررہا ہوں۔ نیز واضح رہے ! کہ نيت دل کےپکے ارادہ کو کہتے ہيں، مگر زبان سے بھی نیت کرلینا مستحب ہے۔

سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے سوال ہوا: ”ما قولکم رحمکم ﷲ تعالٰی کہ شخصے رادر نماز مغرب سجدہ سہو لازم بودرفرنہ داد جبر نقصان گزارد یانہ، اگر گزارد چگونہ نیت بندد و چند رکعت گزارد وہمیں جبر نقصان حکم نفل دارد یا واجب یا فرض؟ ”(یعنی ﷲ تعالیٰ آپ پر رحمتیں نازل فرمائے اس بارے میں آپ کا کیا فرمان ہے کہ ایک شخص پر نمازِ مغرب میں سجدہ سہو لازم ہوگیا مگر اس نے نہ کیا۔ اب نقصان کا ازالہ کرے یا نہ؟ اگر کرنا ہے تو کس نیت سے؟ کتنی رکعتیں اداکرے اور یہ ازالہ نفل کا حکم رکھتا ہے یا واجب و فرض کا ؟)“ آپ علیہ الرحمہ اس کے جواب میں فرماتے ہیں: ”جبر نقصان واجب است سہ رکعت بہ نیت اعادہ ہماں نماز مغرب برائے تلافی مافات کند۔ وﷲ تعالٰی اعلم“ (ترجمہ: نقصان کا اعادہ لازم ہے پھر دوبارہ تین رکعت اس نیت سے ادا کرے کہ میں کمی کا ازالہ کررہا ہوں۔) (فتاوٰی رضویہ، جلد 8، صفحہ 215، رضا فاؤنڈیشن لاہور)

فتاوٰی امجدیہ میں ہے: ”اعادہ میں نماز اسی طرح پڑھی جائے گی جس طرح فرض پڑھتے ہیں یعنی دو خالی اور دو بھری اور جہری ہو تو جہر کے ساتھ، سری ہو تو سراً کہ یہ نماز نفل نہیں، بلکہ اسی فرض کی تکمیل ہے۔“ (فتاوٰی امجدیہ، جلد 1، صفحہ 179، مکتبہ رضویہ کراچی)

قضا نمازوں کے حوالے سے معلومات کے لئے درج ذیل لنک پرکلک کرکے رسالہ قضا نمازوں کا طریقہکا مطالعہ فرمائیں۔

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: Web-2352
تاریخ اجراء: 19 ذو الحجۃ الحرام 1446 ھ/16 جون 2025 ء