ناک میں گرم پانی کی بھاپ چلی جائے تو روزہ ٹوٹے گا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
روزے دار کے ناک میں گرم پانی کی بھاپ بلا ارادہ چلی جائے تو روزے کا کیا حکم ہے؟
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
گیزر کا گرم پانی جب نل میں آتا ہے، تو اس سے اوپر کی جانب بھاپ اٹھ رہی ہوتی ہے، اب جب بیسن یا سنک وغیرہ پر چہرہ جھکا کر روزہ دار وضو کرے، اور بغیر ارادے کے یہ بھاپ تھوڑی سی ناک میں چلی جائے، تو کیا اس صورت میں روزہ ٹوٹ جائے گا؟
جواب
صورت مسئولہ کے مطابق گرم پانی کی جو بھاپ بغیرارادے کے ناک میں جاتی ہے، اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا، اگرچہ اس وقت روزہ دارہونایادبھی ہو۔ امام اہل سنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتےہیں: متون و شروح و فتاوٰی عامہ کتب مذہب میں جن پر مدارِ مذہب ہے علی الاطلاق تصریحات روشن ہیں کہ دُھواں یا غبار حلق یا دماغ میں آپ چلا جائے کہ روزہ دارنے بالقصد اسے داخل نہ کیا ہو تو روزہ نہ جائے گا اگرچہ اس وقت روزہ ہونا یاد تھا۔۔۔ ہاں اگر صائم اپنے قصد وارادہ سے اگر یا لوبان خواہ کسی شَے کا دُھواں یا غبار اپنے حلق یا دماغ میں عمدًا بے حالت نسیان صوم داخل کرے، مثلًا بخور سلگائے اور اسے اپنے جسم سے متصل کر کے دُھواں سُونگھے کہ دماغ یا حلق میں جائے تو اس صورت میں روزہ فاسد ہوگا۔ (فتاوی رضویہ، جلد 10، صفحہ 490، 492، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: ابو شاہد مولانا محمد ماجد علی مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-4671
تاریخ اجراء: 30 رجب المرجب1447ھ / 20 جنوری2026ء