logo logo
AI Search

دنیا میں کل کتنے انبیاء علیہم السلام تشریف لائے؟

بسم اللہ الرحمن الرحيم

دنیا میں کتنے انبیاء علیہم السلام  تشریف لائے ہیں؟

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

جواب

اللہ تعالیٰ نے لوگوں کی ہدایت کے لئے حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر ہمارے نبی  حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم  تک بہت سے انبیاء  اور رسول بھیجے، ان کی صحیح تعداد وہی جانتا ہے کیونکہ اس بارے روایتیں مختلف ہیں، لہٰذا ہمیں یہ اعتقاد رکھنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کے ہر نبی پر ہمارا  ایمان ہے۔ اور اگر کہنا ہی ہو تو یوں کہا جائے  کہ  کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیائے کرام علیہم السلام اس دنیا میں تشریف لائے۔

چنانچہ صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرتِ علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: انبیاء علیہم السلام کی کوئی تعداد معین  کرنا، جائز نہیں، کہ خبریں اِس باب میں مختلف ہیں اور تعدادِ معین  پر ایمان رکھنے میں نبی کو نبوت سے خارِج ماننے، یا غیرِ نبی کو نبی جاننے کا اِحتِمال (یعنی پہلو) ہے اور یہ دونوں باتیں (یعنی نبی کو نبوت سے خارِج ماننا، یا غیرِ نبی کو نبی جاننا) کفر ہیں۔ لہٰذا یہ اعتقاد  چاہئے کہ اللہ کے ہر نبی پر ہمارا ایمان ہے۔ (بہارِ شریعت، جلد 1، صفحہ 52، عقیدہ 28، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم

مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی 
فتویٰ نمبر: Web-2528
تاریخ اجراء: 20 ربیع الآخر 1447ھ / 14 اکتوبر 2025ء