logo logo
AI Search

اذان دینے والی مرغی گھر میں رکھ سکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اذان دینے والی مرغی گھر میں رکھنا

دار الافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہمارے گھر میں ایک مرغی ہے جو انڈے بھی دیتی ہے، لیکن کبھی کبھی مرغ کی طرح بانگ دیتی ہے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ ایسی مرغی کو گھر میں نہیں رکھنا چاہیے۔ کیا شرعاً ایسی مرغی کو رکھنا جائز ہے؟ کیا یہ کسی نحوست کی علامت ہے؟

جواب

جی ایسی مرغی کو گھر میں رکھنا جائز ہے کیونکہ قرآن و حدیث میں اس سے منع نہیں کیا گیا، اور یہ نحوست کی علامت نہیں ہے، لوگ جو اسے باعث نحوست سمجھتے ہیں، وہ محض بے بنیاد اور فضول خیال ہے۔

حضرت علامہ، مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ سے سوال ہوا کہ مرغی کا قاعدہ ہے کہ وہ مرغ کی طرح نہیں بولتی ہے، جو مرغی مرغ کی طرح بولے، یہ ذبح کر لی جائے یا نہیں؟ بعض مرغی کو مرغ کی طرح بولنے سے یہ سمجھتے ہیں کہ مرغی والے کو کچھ نقصان ہو گا، یہ صحیح ہے یا غلط؟ تو آپ علیہ الرحمہ نے جواباً ارشاد فرمایا: ’’نہ ذبح کرنے کی ضرورت ہے، نہ نقصان پہنچنے کی کوئی اصل ہے، محض بیکار خیال ہے، قابل اعتبار نہیں ۔‘‘ (فتاوی امجدیہ، جلد 4، صفحہ 221، مکتبہ رضویہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

مجیب: مولانا محمد آصف عطاری مدنی
فتویٰ نمبر: WAT-5167
تاریخ اجراء: 14 محرم الحرام 1448ھ/30 جون 2026ء