
دار الافتاء اھلسنت (دعوت اسلامی)
سوال
کیافرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کےبارے میں کہ اگر کوئی شخص دبئی سے ہیوسٹن یا ہیوسٹن سے دبئی کی طرف مسلسل فلائٹ کے ذریعے سفر کرتا ہے، تو دورانِ پرواز نمازوں کا حساب کیسے رکھے؟ مثلاً ابھی دس اگست کو دبئی سے ہیوسٹن اڑنے والی ایمرٹس کی فلائٹ ”EK-211“ اور اِسی دس تاریخ کو ہیوسٹن سے دبئی کے لیے اڑنے والی فلائٹ ”EK-212“ کو معیار بنا کر ایسا واضح چارٹ بنا دیں کہ نمازوں کے اوقات اور جہاں وہ نماز ادا کرنی ہے، اُن خطوں کو واضح انداز میں بیان کر دیا گیا ہو۔
جواب
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَ الصَّوَابِ
نماز دینِ اسلام کا بنیادی ستون اور مومن کی معراج ہے۔یہ عابد اور معبود کے درمیان تعلق کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے۔ قرآن حکیم میں جابجا اِس کی ادائیگی اور اہتمام کا تاکیدی حکم ارشاد فرمایا گیا۔ اِسے خشوع وخضوع سے ادا کرنے والوں کو کامیابی کی سند سے نوازا گیا۔ حضر کے علاوہ سفر میں بھی مشقت اور مشکلات کے باوجود اس کی ادائیگی کا حکم دیا گیا، البتہ اتنا ضرور ہے کہ مخصوص شرائط کے ساتھ مسافر کو قصر کی سہولت عطا کی گئی۔ یہ تمام احکامات نماز کی عظمت اور اہمیت کو خوب اجاگر کرتے ہیں۔ اِسی وجہ سے فقہاءِ اسلام نے ٹرین، کشتی اور جہاز میں بھی نمازوں کے احکام کو خوب غور وفکر سے بیان فرمایا۔ ان شاء اللہ آئندہ صفحات پر مکمل وضاحت کے ساتھ چارٹ کی صورت میں تفصیلی جواب دیا جائے گا۔
نماز مقررہ وقت میں فرض ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:
﴿اِنَّ الصَّلٰوةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ كِتٰبًا مَّوْقُوْتًا﴾
ترجمہ کنز العرفان: بیشک نماز مسلمانوں پر مقررہ وقت میں فرض ہے۔ (پ 05، النساء: 103)
اِس کے تحت صاحبِ ترجیح علامہ ابنِ کمال پاشا حنفی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ (وِصال:940ھ /1534ء) نے لکھا:
مفروضًا محدودًا بأوقاتٍ معيَّنةٍ
ترجمہ: یعنی وہ نمازیں فرض کی گئی ہیں اور اُنہیں مخصوص اوقات میں محدود رکھا گیا ہے۔(تفسیر ابن کمال باشا، جلد 03، صفحۃ 165، مطبوعۃ مکتبۃ الارشاد، اسطنبول)
نماز کا سبب ظاہری ”وقت“ ہے، چنانچہ علامہ ابنِ عابدین شامی دِمِشقی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ (وِصال: 1252ھ / 1836ء) لکھتے ہیں:
سبب الصلاة الحقيقي هو ترادف النعم على العبد؛ لأن شكر المنعم واجب شرعا و عقلا. و لما كانت النعم واقعة في الوقت جعل الوقت سببا بجعل اللہ تعالى و خطا به حيث جعله سببا للوجوب
ترجمہ: اصل میں نماز کا سبب بندے پر نعمتوں کا بار بار نازل ہونا ہے، کیونکہ مُنعِم (اللہ تعالیٰ) کا شکر ادا کرنا شرعاً اور عقلاً واجب ہے اور جب نعمتیں کسی وقت میں واقع ہوں تو اس وقت کو اللہ تعالیٰ نے اپنے حکم اور خطاب کے ذریعے سببِ وجوب بنا دیا۔ (ردالمحتار مع درمختار، جلد 02،کتاب الصلاۃ، صفحہ 478 ، مطبوعہ دار الثقافۃ والتراث، دمشق)
نمازوں کی تفصیلات:
ہم نیچے دس اگست کو دبئی سے ہیوسٹن اڑنے والی ایمرٹس کی فلائٹ ”EK-211“ کو معیار بنا کر نمازوں کا حساب لگائیں گے اور یونہی اِسی تاریخ میں ہیوسٹن سے دبئی کے لیے اڑنے والی فلائٹ ” EK-212 “ کو معیار بنا کر نمازوں کے اوقات اور مقامات کو سمجھانے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ اِس جدول اور معیار کو تیار کرنے میں اِسی پرواز کی گزشتہ فلائٹس، رُوٹ اور دیگر ضروری چیزوں کو ملحوظ رکھا گیا ہے، نیز دعوتِ اسلامی کی نمازوں کے اوقات بتانے والی ایپلی کیشن (Prayer Times)سے استفادہ کیا گیا ہے۔
دبئی سے ہیوسٹن (Dubai to Houston)
دبئی سے ہیوسٹن جانے والی امارات کی پرواز ”EK-211“ کا آغاز متحدہ عرب امارات سے ہوتا ہے، جس کے بعد جہاز خلیج فارس کو عبور کرتے ہوئے ایران کی فضائی حدود میں داخل ہوتا ہے۔ یہاں سے یہ وسطی ایشیا کے ممالک، بشمول ترکمانستان اور قازقستان کے اوپر سے گزرتا ہوا روس کی وسیع و عریض فضائی حدود میں ایک طویل سفر شروع کرتا ہے۔ عام طور پر یہ راستہ دارالحکومت ماسکو کے شمالی علاقوں سے گزرتا ہے۔روس کے بعد، پرواز شمال مغربی یورپ کا رخ کرتی ہے، جہاں یہ سب سے پہلے فن لینڈ اور پھر اسکینڈے نیوین ملک ناروے کے اوپر سے گزرتی ہے۔ ناروے کے ساحلی علاقوں کو عبور کرنے کے بعد جہاز بحرِ اوقیانوس (Atlantic Ocean) میں داخل ہو جاتا ہے۔ اس طویل سمندری سفر کے دوران، یہ برف پوش جزیرے گرین لینڈ کے جنوبی سرے کے قریب سے پرواز کرتا ہے۔ شمالی امریکہ کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہوئے، یہ کینیڈا کے مشرقی صوبوں کے اوپر سے گزرتا ہے اور بالآخر متحدہ امریکہ کی کئی ریاستوں کو عبور کرنے کے بعد اپنی حتمی منزل، ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اترتا ہے۔ یاد رہے کہ پرواز کا اصل راستہ موسم، ہواؤں کی سمت اور ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات کے مطابق تھوڑا بہت تبدیل بھی ہو سکتا ہے۔
اِس سفر کے دوران نماز:
10 اگست کو ایمرٹس دبئی کے مقامی وقت کے مطابق صبح AM 09:30 بجے سفر شروع کرے گی اور مسلسل 16 گھنٹے اور 20 منٹ اڑنے کے بعد ہیوسٹن کے مقامی وقت کے مطابق PM04:50 اترے گی اور 10 اگست کو ہیوسٹن میں عصر کا وقت PM 06:12 پر شروع ہو گا، یعنی جب فلائٹ لینڈ کرے گی، اُس وقت ظہر کا وقت تقریباًسوا گھنٹہ باقی ہو گا، لہذا فلائٹ کے دوران ظہر پڑھنے کے بجائے جہاز سے اتر کر ادا کی جا سکتی ہے۔
ہیوسٹن سے دبئی (Houston to Dubai)
پرواز کا آغاز امریکہ کے شہر ہیوسٹن سے ہوتا ہے، جہاں سے یہ مشرقی امریکہ کی فضائی حدود کو عبور کرتی ہوئی بحر اوقیانوس (Atlantic Ocean) کے ایک طویل سفر پر نکلتی ہے۔ سمندر کے اوپر گھنٹوں پرواز کرنے کے بعد، یہ جہاز یورپی براعظم میں آئرلینڈ میں داخل ہوتا ہے اور پھر انگلینڈ کی فضائی حدود کو عبور کرتا ہے۔ یہاں سے یہ وسطی یورپ کا رخ کرتا ہے اور آسٹریا، ہنگری کے اوپر سے گزرتا ہوا مشرقی یورپ کی طرف بڑھتا ہے۔ اس کے بعد پرواز ترکی کے وسیع علاقے سے گزرتی ہے، جو ایشیا اور یورپ کے سنگم پر واقع ہے۔ ترکی کو عبور کرنے کے بعد، یہ عراق کی فضائی حدود میں داخل ہوتی ہے اور آخر کار خلیج فارس کو پار کرکے اپنی منزل، متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں اتر جاتی ہے۔
نوٹ: اِسی پرواز کے گزشتہ اَسفار کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ فلائٹ دبئی سے ہیوسٹن جاتے ہوئے ماسکو اور کینیڈا کی حدود کو استعمال کرتی ہے، جبکہ ہیوسٹن سے دبئی واپسی پر کینیڈا اور روس کی طرف سے نہیں، بلکہ مشرقی امریکہ سے ہی بحراوقیانوس میں داخل ہو کر وسطی یورپ کی طرف سے دبئی آتی ہے۔
اِس سفر کے دوران نماز:
ابھی دس اگست کو ایمرٹس(EK 212) ہیوسٹن کے مقامی وقت کے مطابق شام PM07:55 پر سفر شروع کرے گی اور براستہ وسطی یورپ مسلسل 15 گھنٹے اور 50 منٹ اڑنے کے بعد اگلے دن یعنی 11 اگست کودبئی کے مقامی وقت کے مطابق PM07:45 پر اترے گی۔ اِس دوران چند نمازوں کا یقیناً وقت داخل ہو گا، جن کی تفصیل نیچے بیان کی جائے گی۔ یہاں یہ بات ضرور یاد رہے کہ جہاز مغرب سے مشرق کی طرف (یعنی سورج کے طلوع ہونے کی سمت میں) سفر کرے گا۔ اس کی وجہ سے مسافر کے لیے دن اور رات کا چکر بہت تیزی سے مکمل ہوگا اور نمازوں کے اوقات بہت تیزی سے آئیں گے اور جلد ہی ختم ہوتے جائیں گے۔
نماز |
علاقہ /ملک |
سمرٹائم زون (UTC) |
اس مقام کا مقامی وقت |
پرواز اڑے ہوئے اندازاً وقت |
نماز کے لیے کتنا وقت ملے گا؟ |
مغرب |
مشرقی ٹیکساس(امریکہ) |
UTC-5 |
PM08:25 |
آدھا گھنٹہ |
تقریباًڈیڑھ گھنٹہ |
وضاحت:یہ پرواز مقامی وقت کے مطابق شام PM07:55 پر سفر شروع کرے گی، جبکہ ہیوسٹن کے مقامی وقت کے مطابق ہیوسٹن ائر پورٹ پر 10 اگست کو مغرب کی نماز کا وقت PM8:08 پر شروع ہونا تھا لیکن ہزاروں فٹ کی بلندی کی وجہ سے جب جہاز مشرقی ٹیکساس پہنچے گا تو تقریباً PM08:25 پر غروب ہوگا تب نماز ادا کی جائےگی۔
نماز |
علاقہ /ملک |
سمرٹائم زون (UTC) |
اس مقام کا مقامی وقت |
پرواز اڑے ہوئے اندازاً وقت |
نماز کے لیے کتنا وقت ملے گا؟ |
عشاء حنفی |
گرین بے (Wisconsin,Usa) |
UTC-5 |
PM10:00 |
2 گھنٹے |
کم وبیش 2گھنٹے |
وضاحت:تقریباً دو گھنٹے کے بعد یہ پرواز مختلف ریاستوں مثلاً Arkansasاور Illinoisسے گزرتے ہوئے جب مشرقی امریکہ (Eastern USA) کی ریاست Wisconsinکے علاقے Green Bay پہنچے گی، تو عشاء کا وقت تقریباً رات 10:00 بجے شروع ہوگا ، لہذا اِس کے بعد عشاء کی نماز ادا کی جائے۔
نماز |
علاقہ /ملک |
سمرٹائم زون (UTC) |
اس مقام کا مقامی وقت |
پرواز اڑے ہوئے اندازاً وقت |
نماز کے لیے کتنا وقت ملے گا؟ |
فجر |
شرقی کینیڈا کی ریاست کیوبک |
UTC-4 |
01:00 AM |
تقریباً 4 گھنٹے |
پون گھنٹہ تا 1 گھنٹہ (محتاط اندازے کے مطابق) |
وضاحت: فجر کا وقت ”شرقی کینیڈا کی ریاست کیوبک“ میں داخل ہونے کے بعد شروع ہو گا، یاد رہے کہ جہاز انتہائی تیز رفتاری سے مشرق کی سمت پرواز کر رہا ہے اور دوسری طرف موسم گرما میں شمالی روٹ پر راتیں مزید مختصر ہوتی ہیں، لہذا عشاء کا وقت بہت تھوڑا ہو گا اور فجر کا وقت بہت جلدی آئے گا اور جب فجر کا وقت آئے گا، تو وہ ختم بھی اُتنی ہی تیزی سے ہو گا، کیونکہ فجر کا وقت شروع ہونے اور سورج طلوع ہونے کے درمیان ایک فاصلہ ہے۔ جہاز اپنی تیز رفتاری کی وجہ سے اس فاصلے کو معمول سے کہیں زیادہ تیزی سے طے کر لیتا ہے۔ اس وجہ سے فجر کا وقت بہت جلدی ختم ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال میں سب سے بہتر عمل یہ ہے کہ جیسے ہی جہاز میں فجر کا وقت شروع ہو (جو کہ پرواز کے تقریباً 4گھنٹے بعد ہو گا)، مسافر کو فوراً بغیر کسی تاخیر کے اپنی نماز ادا کر لینی چاہیے۔ اگر وہ انتظار کرے گا تو بہت ممکن ہے کہ سورج طلوع ہو جائے اور نماز کا وقت ختم ہو جائے۔
لہذا جب آپ کا جہاز امریکہ و کینیڈا کی ریاستیں عبور کرنے کے بعد بحرِ اوقیانوس میں داخل ہوگا تو بلندی کے اعتبار سےکم وبیش صبح 4:50 پر گرین لینڈ سمر ٹائم کے مطابق جنوبی گرین لینڈ کے قریب طلوع آفتاب ہوگا۔ یاد رہے کہ ایمرٹس یا دیگر فلائٹس اس پرواز کےدوران ”گریٹ سرکل روٹ (Great Circle Route)“ استعمال کرتی ہیں، لہذا یہ جہاز بحراوقیانوس عبور کرنے کے بعد آئر لینڈ میں داخل ہو گا اورپھر یورپ کے مختلف ممالک ڈنمارک، پولینڈ، سلووکیا، ہنگری، رومانیہ وغیرہ سے گزرے گا۔
نماز |
علاقہ /ملک |
سمرٹائم زون (UTC) |
اس مقام کا مقامی وقت |
پرواز اڑے ہوئے اندازاً وقت |
نماز کے لیے کتنا وقت ملے گا؟ |
ظہر |
ہنگری Hungary |
UTC+2 |
12:35 PM |
تقریباً پونے 10 گھنٹے |
کم وبیش 3 گھنٹے |
وضاحت:ہنگری کے مقام Tojak كےقريب ظہر کا وقت شروع ہوگا اس کے بعد یا رومانیہ پر سے گزرتے ہوئےنمازِ ظہر ادا کر لی جائے،احتیاطاً عملے سے یا سامنے موجود اسکرین پر موجودہ مقام اور وقت معلوم کر کے، معتبر ایپلیکیشن کے ذریعے پرئیر ٹائم چیک کر تے رہنا چاہئے۔
نماز |
علاقہ /ملک |
ٹائم زون (UTC) |
اس مقام کا مقامی وقت |
پرواز اڑے ہوئے اندازاً وقت |
نماز کے لیے کتنا وقت ملے گا؟ |
عصر |
حمدان(عراق) |
UTC+3 |
PM04:45 |
تقریباً 13 گھنٹے |
کم وبیش ایک گھنٹہ |
وضاحت:جب یہ فلائٹ تقریباً تیرہ گھنٹے بعد حمدان (عراق ) کی فضائی حدود سے گزر رہی ہو گی، تو وہاں کا مقامی وقت تقریباً PM 04:45 ہو گا ، اور 12 اگست کو عصر کا وقت شروع ہوچکا ہو گا، لہذا حمدان یا ترکی کی فضائی حدود میں عصر کی نماز ادا کر لی جائے۔ اب یہاں سے دبئی کا بقیہ سفر تقریباً 2 گھنٹے کا ہے۔ چونکہ فلائٹ مشرق کی طرف (دبئی کی جانب) پرواز کر رہی ہے، اور جب پرواز دبئی کے قریب پہنچے گی تو پریئر ایپ کے مطابق دبئی میں 12 اگست کو زمینی اعتبار سے شام 6:57 پر غروب آفتاب اور8:18 پر عشاء حنفی ہے اور بلندی کے اعتبار سے جب غروب ہوگا تو پرواز کے آخری آدھا گھنٹا ہوگا جس میں بیلٹ باندھ دی جاتی ہیں لہذا وقت میں گنجائش ہو تو ایئر پورٹ پہنچ کر نماز مغرب ادا کی جائے ورنہ جہاز لیٹ ہونے کی صورت میں جہاز میں ادا کی جائے ۔
وضاحت: گزشتہ کافی دنوں کی فلائٹس کی ٹائمنگ چیک کی ہے۔ عموماً فلائٹ اپنے متعین دورانیے سے بیس منٹ یا آدھا گھنٹہ پہلے ہی لینڈ کرتی ہے۔ اِس اعتبار سے یہ فلائٹ 15 گھنٹے اور 20 منٹ بعد دبئی لینڈ کرے گی، اس صورت میں تو مغرب باآسانی ائر پورٹ پر ادا کی جاسکتی ہے۔
تمام نمازوں کا ایک ساتھ چارٹ:
نماز |
علاقہ /ملک |
ٹائم زون (UTC) |
اس مقام کا مقامی وقت |
پرواز اڑے ہوئے اندازاً وقت |
نماز کے لیے ممکنہ وقت |
مغرب |
شرقی ٹیکساس(امریکہ) |
UTC-5 |
PM08:25 |
آدھا گھنٹہ |
ڈیڑھ گھنٹہ |
عشاء |
گرین بے، وسکونسن (امریکہ) |
UTC-5 |
PM10:00 |
2 گھنٹے |
کم و بیش پونے 2 گھنٹے |
فجر |
شرقی کیوبک(کینیڈا) |
UTC-4 |
AM01:00 |
تقریباً 4 گھنٹے |
45 تا 60 منٹس |
ظہر |
توجک (ہنگری) |
UTC+2 |
PM12:35 |
تقریباًپونے 10 گھنٹے |
کم وبیش تین گھنٹے |
عصر |
حمدان (عراق) |
UTC+3 |
PM04:45 |
تقریباً 13 گھنٹے |
کم وبیش ڈیڑھ گھنٹہ |
|
|
|
|
|
|
اہم نوٹس:
· اوپر دیا گیا مکمل چارٹ فلائٹ ”EK-211“ اور ”EK-212“ کے فلائٹ شیڈول اور رُوٹ کو ملحوظ رکھ کر لکھا گیا ہے۔ ائیر لائن یا روانگی کے وقت یا روٹ (Route) کی تبدیلی یا دیگر موسموں کی صورت میں نمازوں کے دورانیے اور مقامات میں یقینی فرق ہو گا، لہذا یہ چیز ملحوظ رہے، البتہ یہ فتوی دیگر فلائٹس میں نمازوں کے اوقات سمجھنے میں کافی حد تک معاوِن ثابت ہو سکتا ہے۔
· دوران پرواز اوقات کا جاننا ایک مشکل امر ہے لہذا اولاً قدرتی نشانیوں پر توجہ رکھیں طلوع آفتاب سے پہلے جیسے ہی روشنی پھیلنے کا احساس ہو جلد فجر پڑھ لی جائے، خاص کر جب سفر جانب مشرق ہو اسی طرح غروب سے گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ پہلے عصر اور بعد غروب تھوڑا اندھیرا پھیلتے ہی جلد مغرب ادا کرلی جائے، بالخصوص جب سفر جانب مشرق ہو۔
· پریئر ایپ میں دوران پرواز اگر نیٹ کی سہولت ہو تو گیٹ لوکیشن (Get Location) سے اوقات نکال کر عمل کیجئے لیکن جہاز کی بلندی کے سبب طلوع کو 15 / 20 منٹ قبل اور غروب کو 15 / 20 منٹ بعد سمجھئے لیکن معلومات کے مطابق تا دم تحریردوران پرواز نیٹ کی سہولت نہیں ہوتی اس صورت میں جہاز کی اسکرین پر نیوی گیشن کےآپشن پر جہاز کی لوکیشن نوٹ کریں فرض کریں جہاز دبئی کےقریب سے گزر رہا ہے تو پریئر ایپ میں دبئی کے اوقات مینول نکالیں اور 5 / 10 منٹ اول آخر کی احتیاط کے ساتھ عمل کیجئے لیکن طلوع کو یہاں بھی 15 / 20 منٹ قبل اور غروب کو 15/20 منٹ سمجھئے۔
· چاہیں تو دعوت اسلامی کے شعبہ فلکیات کے آفیشل واٹس ایپ نمبر 923177799717+ پر ٹکٹ واؤچر کی تصویر بھیج کر رہنمائی لے سکتے ہیں۔
وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم
مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری
فتوی نمبر: FSD-9477
تاریخ اجراء: 13 صفر المظفر1447ھ / 08 اگست 2025ء