مجیب:محمد عرفان مدنی عطاری
فتوی نمبر:WAT-1655
تاریخ اجراء: 28شوال المکرم1444 ھ/19مئی2023 ء
دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)
ایک باجی رمضان کے آخری عشرکا سنت اعتکاف بیٹھی تھیں تو ان کو مجبورا کہیں جانا پڑا، جس وجہ سے ان کا اعتکاف ٹوٹ گیا، تو اب حکم یہ ہے کہ ایک دن کا اعتکاف روزہ رکھ کر قضا کیا جائے تو پو چھنا یہ تھا کہ عید کے بعد جب اعتکاف کی قضا کریں گی توروزے میں کون سے روزے کی نیت کریں گی؟ رمضان کے روزے کی یا نفلی روزے کی نیت؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
رمضان کے آخری عشرے کا سنت اعتکاف اگر ٹوٹ جائے اورعید کے بعد اس کی قضا کرنی ہو، تو اس قضا میں جو روزہ رکھا جائے گا اس کے لیے خاص قضا اعتکاف کے روزے کی نیت کرنا ضروری ہے اور یہ بھی ضروری ہے کہ سحری کا وقت ختم ہونے سے پہلے پہلے رات میں ہی نیت کی جائے۔
تفصیل اس میں یہ ہے کہ:
رمضان کے آخری عشرے کااعتکاف اگرچہ سنت ہے لیکن اس کوشروع کرنے سے یہ لازم و واجب ہو جاتا ہے جیسے نفل نمازشروع کرنے سے واجب ہوجاتی ہے، یہاں تک کہ اگراس کو توڑ دے تو اس نفل نماز کی قضا کرنا واجب ہوتا ہے، اسی طرح رمضان کے آخری عشرے کا اعتکاف شروع کر کے توڑ دے تو اس کی قضا واجب ہوتی ہے۔
اورواجب اعتکاف، واجب روزے سے ہی اد اہو سکتا ہے، نفل روزے سے ادا نہیں ہو سکتا۔ اور واجب روزے میں خاص اس واجب روزے کی نیت کرنا ضروری ہوتا ہے لہذا اس میں بھی قضا اعتکاف کے روزے کی نیت کرنا ضروری ہوگا۔
اوریہ واجب غیرمعین ہے یعنی اس کے لیے کوئی دن مخصوص نہیں ہے اورجس واجب روزے کاکوئی دن مخصوص نہ ہو تواس میں رات کونیت کرناضروری ہوتاہے لہذااس روزے میں بھی رات کوہی نیت کرناضروری ہے۔
نوٹ: آخری عشرے کے اعتکاف میں پورے دس دنوں کی قضا واجب نہیں ہوتی بلکہ صرف اس ایک دن کی قضا واجب ہوتی ہے، جس دن کا اعتکاف ٹوٹا۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ اس عشرے کے اعتکاف کی مثال چار رکعات نوافل کی سی ہے کہ جس طرح چار رکعات نوافل کا ہر شفع علیحدہ نمازہے، جس شفعے کوتوڑے گا، صرف اسی کی قضا لازم ہوگی، مکمل چاررکعات کی قضا لازم نہیں ہوگی، اسی طرح اعتکاف کا ہر دن علیحدہ حکم رکھتا ہے کہ اگر کسی دن کا اعتکاف ٹوٹا تو صرف اسی دن کی قضا کرنا ضروری ہے۔
ردالمحتارمیں آخری عشرے کے اعتکاف میں روزہ شرط ہونےاورشروع کرنے سے اس کے لازم ہوجانے کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا:
قلت: قدمنا ما يفيد اشتراط الصوم فيها بناء على أنها مقدرة بالعشر الأخير ومفاد التقدير أيضا اللزوم بالشروع
ترجمہ: میں کہتاہوں :پیچھے ہم نے وہ بحث ذکرکی ہے، جواس بات کا فائدہ دیتی ہے کہ سنت موکدہ اعتکاف میں روزہ شرط ہے، اس بناپرکہ وہ آخری عشرے کے ساتھ مقدرہے اور تقدیر کا مفادیہ بھی ہے کہ شروع کرنے سے لازم ہوجائے۔ (ردالمحتارمع الدرالمختار،باب الاعتکاف،ج02، ص444، دارالفکر، بیروت )
ردالمحتارمیں ہے:
وعلى كل فيظهر من بحث ابن الهمام لزوم الاعتكاف المسنون بالشروع وإن لزوم قضاء جميعه أو باقيه مخرج على قول أبي يوسف أما على قول غيره فيقضي اليوم الذي أفسده لاستقلال كل يوم بنفسه۔۔۔۔والحاصل أن الوجه يقتضي لزوم كل يوم شرع فيه عند هما بناء على لزوم صومه بخلاف الباقي لأن كل يوم بمنزلة شفع من النافلة الرباعية وإن كان المسنون هو اعتكاف العشر بتمامه
ترجمہ: بہر صورت امام بن ہمام علیہ الرحمۃ کی بحث سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ سنت اعتکاف شروع کرنے سے لازم ہوجاتا ہے اور یہ کہ ٹوٹنے کی صورت میں تمام دنوں یا باقی دنوں کی قضا کا لازم ہونا امام ابو یوسف علیہ الرحمۃ کے قول پر مبنی ہے،اور ان کے علاوہ کا قول اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ صرف اسی دن کی قضا لازم ہو، جس دن اعتکاف توڑا کیونکہ اعتکاف میں ہر دن فی نفسہ مستقل ہوتا ہے۔ اورحاصل یہ ہے کہ طرفین رحمھما اللہ کے نزدیک دلیل کا تقاضا یہ ہے کہ ہر وہ دن جس میں اعتکاف شروع کرلیا، اس دن کا اعتکاف لازم ہو کیونکہ اس دن کا روزہ لازم ہے بخلاف باقی ایام کے کہ اعتکاف میں ہر دن ،چار رکعات نفل کے شفعہ کے قائم مقام ہے، اگرچہ سن، پورے دس دنوں کا اعتکاف ہے۔ (ردالمحتارمع الدرالمختار،باب الاعتکاف،ج02،ص444،445،دارالفکر،بیروت)
فتاوی ہندیہ میں ہے: الاعتكاف الواجب لا يصح إلا بالصوم الواجب
ترجمہ: واجب اعتکاف درست نہیں ہوتامگرواجب روزے کے ساتھ۔ (فتاوی ہندیہ،الباب السابع فی الاعتکاف،ج01،ص211،دارالفکر،بیروت)
بہار شریعت میں ہے: ادائے رمضان اور نذر معیّن اور نفل کے علاوہ باقی روزے، مثلاً قضائے رمضان اور نذر غیر معیّن اور نفل کی قضا (یعنی نفلی روزہ رکھ کر توڑ دیا تھا اس کی قضا) اور نذر معیّن کی قضا اور کفّارہ کا روزہ اور حرم میں شکار کرنے کی وجہ سے جو روزہ واجب ہوا وہ اور حج میں وقت سے پہلے سر منڈانے کا روزہ اور تمتع کا روزہ، ان سب میں عین صبح چمکتے وقت یا رات میں نیّت کرنا ضروری ہے اور یہ بھی ضروری ہے کہ جو روزہ رکھنا ہے، خاص اس معیّن کی نیّت کرے اور اُن روزوں کی نیّت اگر دن میں کی تو نفل ہوئے پھر بھی ان کا پورا کرنا ضرور ہے توڑے گا تو قضا واجب ہوگی۔ اگرچہ یہ اس کے علم میں ہو کہ جو روزہ رکھنا چاہتا ہے یہ وہ نہیں ہوگا بلکہ نفل ہوگا۔ (بہار شریعت،ج 1،حصہ 5،ص 971، مکتبۃ المدینہ)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم